مرکزی مواد پر جائیں
آئینِ پاکستان 1973ء اور اس کی ترامیم کی طرف واپس

آئینِ اسلامی جمہوریہ پاکستان 1973ء (بمع ترامیم)

اشاعت: 1973ء

مجموعہ: آئینِ پاکستان 1973ء اور اس کی ترامیم

· دو لسانی (انگریزی/اردو)

پاکستان کا موجودہ نافذ العمل آئین، ستائیسویں ترمیم (2025ء) تک کی تمام ترامیم سمیت۔

آرٹیکل 268: بعض قوانین کا نافذ رہنا اور ان کی موافقت

  1. (1)

    سوائے اس کے جو اس آرٹیکل میں بیان ہوا ہے، تمام موجودہ قوانین، آئین کے تابع، جہاں تک قابلِ اطلاق ہوں اور ضروری موافقتوں کے ساتھ، اس وقت تک نافذ رہیں گے جب تک مناسب مقننہ ان میں تبدیلی، ان کی تنسیخ یا ان میں ترمیم نہ کرے۔

  2. (3)

    کسی موجودہ قانون کے احکام کو آئین (سوائے آئین کے حصہ II کے) کے احکام کے مطابق بنانے کے مقصد کے لیے، صدر یومِ آغاز سے دو سال کی مدت کے اندر بذریعہ حکم ایسی موافقت کر سکتا ہے، خواہ ترمیم، اضافے یا حذف کی صورت میں، جو وہ ضروری یا مناسب سمجھے، اور ایسا کوئی حکم اس طرح دیا جا سکتا ہے کہ وہ ایسے دن سے مؤثر ہو، جو یومِ آغاز سے پہلے کا دن نہ ہو، جو حکم میں متعین ہو۔

  3. (4)

    صدر کسی صوبے کے گورنر کو اختیار دے سکتا ہے کہ وہ صوبے کے سلسلے میں وہ اختیارات استعمال کرے جو شق (3) کے تحت صدر کو ان قوانین کے سلسلے میں تفویض کیے گئے ہیں جو ایسے امور سے متعلق ہوں جن کے بارے میں صوبائی اسمبلی کو قانون وضع کرنے کا اختیار ہے۔

  4. (5)

    شقوں (3) اور (4) کے تحت قابلِ استعمال اختیارات مناسب مقننہ کے ایکٹ کے احکام کے تابع ہوں گے۔

  5. (6)

    کوئی عدالت، ٹریبونل یا اتھارٹی جسے کسی موجودہ قانون کو نافذ کرنا مطلوب ہو یا جسے اس کا اختیار ہو، اس کے باوجود کہ شق (3) یا شق (4) کے تحت دیے گئے حکم کے ذریعے ایسے قانون میں کوئی موافقت نہ کی گئی ہو، قانون کی تعبیر ان تمام موافقتوں کے ساتھ کرے گی جو اسے آئین کے احکام کے مطابق بنانے کے لیے ضروری ہوں۔

  6. (7)

    اس آرٹیکل میں، “موجودہ قوانین” سے مراد وہ تمام قوانین ہیں (بشمول آرڈیننس، آرڈرز اِن کونسل، احکامات، قواعد، ضمنی قوانین (by-laws)، ضوابط اور ہائی کورٹ کو تشکیل دینے والے لیٹرز پیٹنٹ (Letters Patent)، اور قانون کا حکم رکھنے والے کوئی نوٹیفکیشن اور دیگر قانونی دستاویزات) جو یومِ آغاز سے فوراً پہلے پاکستان یا اس کے کسی حصے میں نافذ ہوں، یا ماورائے علاقہ صحت رکھتے ہوں۔

توضیح:- اس آرٹیکل میں، کسی قانون کے سلسلے میں “نافذ” سے مراد قانون کے طور پر مؤثر ہونا ہے، خواہ قانون کو عمل میں لایا گیا ہو یا نہ۔