تفہیمات – جلد دوم
اشاعت: 1950ءمجموعہ: تفہیمات
سید ابو الاعلیٰ مودودی رحمہ اللہ · اردو
تفہیمات کی جلد دوم۔ اس جلد میں 106 مضامین شامل ہیں، جن کی ابتدا «(۱) تلاوتِ آیات، تزکیۂ نفوس اور تعلیم کتاب وحکمت»، «(۲) تکمیل دین»، «قصّۂ داؤد (علیہ السلام) اور اسرائیلی خرافات»، «حضرت سلیمان علیہ السلام اور ملکہ سبا»، «دو قاعدے»، «’جن‘ کی لغوی تحقیق» سے ہوتی ہے۔
یہ متن Read Maududi سے حاصل کیا گیا ہے، اور مستقل رسائی کے لیے یہاں محفوظ کیا گیا ہے۔ اصل صفحہ ملاحظہ کریں ↗
دیباچہ
تفہیمات کے نام سے میرے مضامین کا ایک مجموعہ کئی سال پہلے شائع ہو چکا ہے۔ اب ایک طویل مدت کے بعد اس کا یہ دوسرا حصہ پیش کیا جا رہا ہے۔ اگرچہ اس مجموعہ کے سارے مضامین لکھے اور چھپے ہوئے موجود تھے اور صرف نظر ثانی کر کے انھیں مرتب کر دینے ہی کی کسر تھی، لیکن اس ذرا سے کام کی فرصت بھی کئی سال تک نہ مل سکی، اور یہ ذخیرہ یونہی میرے کاغذات میں دفن پڑا رہا۔ اب حکومتِ پاکستان کی عنایت سے جیل میں زندگی بسر کرنے کا جو موقع مجھے حاصل ہوا ہے اور اس سے جہاں اور بہت سے اخلاقی، روحانی اور علمی فوائد میں نے اُٹھائے ہیں، ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ پچھلے بہت سے کام جو ادھورے پڑے ہوئے تھے، انھیں مکمل کر رہا ہوں۔ چنانچہ اس مجموعہ کی ترتیب بھی اسی فرصت کا ایک ثمرہ ہے۔
اس مجموعہ کے مضامین مختلف موضوعات پر ہیں اور پندرہ بیس سال کے دوران میں مختلف مواقع پر لکھے گئے ہیں۔ ان میں کوئی ربط اس کے سوا نہیں ہے کہ ان سب کے اندر ایک ہی مقصد کارفرما ہے۔ یعنی اسلام کے متعلق مختلف پہلوؤں سے جو غلط فہمیاں اور اُلجھنیں لوگوں کے ذہنوں میں پائی جاتی ہیں ان کو دُور کیا جائے، مسلمانوں کے اندر مختلف سمتوں سے گمراہی کی آمد کے جتنے دروازے پائے جاتے ہیں، ان کو بند کیا جائے اور مسائلِ دینی کے فہم و تعبیر کا ایک ہموار راستہ لوگوں کے سامنے پیش کیا جائے!
ہر مضمون کے آخر میں اس کی ابتدائی تاریخِ اشاعت کا جو حوالہ دیا گیا ہے، اس کا مطلب یہ نہ سمجھا جائے کہ اسے کسی ترمیم و اصلاح کے بغیر لفظ بہ لفظ ترجمان القرآن سے یہاں نقل کر دیا گیا ہے۔ نظر ثانی کرتے ہوئے میں نے زبان اور عبارات میں بھی اصلاح کی ہے بعض غیر ضروری چیزوں کو حذف بھی کیا ہے اور کہیں کہیں بعض ضروری چیزوں کا اضافہ بھی کر دیا ہے۔
ابوالاعلیٰ
۲۰ ربیع الاوّل ۱۳۶۹ھ
۱۰ جنوری ۱۹۵۰ء
نیوسنٹرل جیل، ملتان