مرکزی مواد پر جائیں
ماہنامہ ترجمان القرآن کی طرف واپس

ماہنامہ ترجمان القرآن، جنوری 2026

ماہنامہ شمارہ

مجموعہ: ماہنامہ ترجمان القرآن

سید ابو الاعلیٰ مودودی رحمہ اللہ · اردو

یہ ماہنامہ ترجمان القرآن (جنوری 2026) کا شمارہ ہے، جو دعوت و تحریک، معاشرتی اصلاح اور اسلامی معاشیات جیسے موضوعات پر مضامین کا مجموعہ پیش کرتا ہے۔

شمارے میں دعوتِ دین کے تقاضوں اور تحریکی کارکنوں کی ذمہ داریوں پر مضامین کے علاوہ نظامِ زکوٰۃ، اسلامی بینکاری اور مضاربہ پر تفصیلی بحث شامل ہے۔ اطاعتِ امیر اور تنظیمی نظم و ضبط کے موضوع پر بھی متعدد مضامین ہیں، جبکہ حالاتِ حاضرہ کے تحت غزہ کی تعمیرِ نو اور کشمیر کی صورتحال پر تبصرے بھی درج ہیں۔

یہ متن Tarjuman-ul-Quran Archive سے حاصل کیا گیا ہے، اور مستقل رسائی کے لیے یہاں محفوظ کیا گیا ہے۔ اصل صفحہ ملاحظہ کریں ↗

ہماری دعوت اور تحریک!

[حسن البنا شہیدؒ | جنوری ۲۰۲۶ | دعوت و تحریک] ہم چاہتے ہیں کہ اپنا مقصد کھول کر پیش کر دیں، اپنا طریق کار پوری طرح واضح کردیں اور لوگوں کے سامنے اس طرح اپنی دعوت رکھیں کہ نہ اس میں کوئی پیچیدگی ہو اور نہ ابہام۔ وہ سورج سے زیادہ روشن، سحر سے زیادہ تابناک اور نصف النہار سے زیادہ درخشاں ہو۔

ہماری دعوت نہایت صاف ستھری اور پاکیزہ دعوت ہے۔ وہ شخصی آرزوئوں سے پاک، مادی فائدوں سے بے نیاز اور اغراض و خواہشات کی غلامی سے بہت بلند ہے۔ وہ شروع سے ہی ان خطوط پر چل رہی ہے، جو حق تعالیٰ نے داعیانِ حق کے لیے متعین کر دیئے ہیں:

<<قُلْ ہٰذِہٖ سَبِيْلِيْٓ اَدْعُوْٓا اِلَى اللہِ۝۰ۣؔ عَلٰي بَصِيْرَۃٍ اَنَا وَمَنِ اتَّبَعَنِيْ۝۰ۭ وَسُبْحٰنَ اللہِ وَمَآ اَنَا مِنَ الْمُشْرِكِيْنَ۝۱۰۸(یوسف ۱۲:۱۰۸)>> تم ان سے صاف کہہ دو کہ ’’میرا راستہ تو یہ ہے، میں اللہ کی طرف بلاتا ہوں، میں خود بھی پوری روشنی میں اپنا راستہ دیکھ رہا ہوں اور میرے ساتھی بھی، اور اللہ پاک ہے اور شرک کرنے والوں سے میرا کوئی واسطہ نہیں‘‘۔

چنانچہ لوگوں سے ہم کچھ نہیں مانگتے۔ نہ ہم دولت مانگتے ہیں، نہ کوئی وجاہت یا قدرومنزلت چاہتے ہیں۔ ہمیں نہ کسی صلے کی تمنا ہے، اور نہ کسی شکروسپاس کی خواہش۔ ہمارا اجر تو وہی مالک دے گا جس خالق نے ہمیں پیدا کیا ہے۔