ماہنامہ ترجمان القرآن، مارچ 2026
ماہنامہ شمارہمجموعہ: ماہنامہ ترجمان القرآن
سید ابو الاعلیٰ مودودی رحمہ اللہ · اردو
یہ ماہنامہ ترجمان القرآن (مارچ 2026) کا شمارہ ہے، جس میں رمضان و عید کی روحانی تعلیمات، توحید کی حقیقت اور امتِ مسلمہ کے اتحاد پر تفصیلی مضامین شامل ہیں۔
شمارے میں اسلامی اقتصادیات پر جاری سلسلے کی مزید اقساط، تکبر و تواضع پر اخلاقی گفتگو، اور غزہ کی صورتحال، بنگلہ دیش کے انتخابات اور مسئلہ کشمیر پر تجزیاتی مضامین شامل ہیں۔ آخر میں زکوٰۃ کے فقہی مسائل پر بھی رہنمائی دی گئی ہے۔
یہ متن Tarjuman-ul-Quran Archive سے حاصل کیا گیا ہے، اور مستقل رسائی کے لیے یہاں محفوظ کیا گیا ہے۔ اصل صفحہ ملاحظہ کریں ↗
تھرپارکر میں پانی کی فراہمی کے لیے خدمات
مولانا جان محمد عباسی جب امیر جماعت اسلامی، سندھ تھے تو خان صاحب جماعت اسلامی، سندھ کے نائب امیر مقرر ہوئے۔ اُس زمانے میں اُنھیں سندھ کے مختلف علاقوں، خاص طور پر ضلع تھرپارکر، کے کئی بار دَورے کرنا پڑے، جس کے دوران اُنھیں اس علاقے کے لوگوں کی غربت اور بے چارگی کا اندازہ ہوا۔ اُنھوں نے دیکھا کہ دُور دُور تک پینے کا صاف پانی میسّر نہیں اور وہاں کی عورتیں میلوں دُور سے گھڑوں اور دوسرے برتنوں میں پانی بھر کر لاتی ہیں۔انھیں اِس ضلع میں خدمت خلق کا کام کرنے کی ترغیب بھی اسی دَور میں ملی اور اس کا آغاز ۷۵ ہزار روپے کی رقم سے کیا، جو اُس زمانے میں بڑی خطیر رقم تھی۔
انھوں نے ایک بار یہ واقعہ بیان کیا کہ ’’ایک دن، مَیں صوبے کے دفتر میں مولانا جان محمد عباسی سے تھر کی خستہ حالی کے بارے میں بات کر رہا تھا۔ عباسی صاحب کو اچانک کچھ خیال آیا اور کہا کہ مجھے ایک صاحب ۷۵ ہزار روپے کی رقم دے گئے ہیں ۔ میں یہ رقم آپ کو دے رہا ہوں۔ آپ جہاں مناسب سمجھیں، اللہ کی رضا کے لیے خرچ کر دیں۔ مَیں نے اُن سے وہ رقم لی اور اُسے تھرپارکر میں صاف پانی کا ایک کنواں کھودنے کے کام میں صرف کرنے کا فیصلہ کیا‘‘۔ یہ تھر میں صاف پانی کی فراہمی کے کام کا آغاز تھا۔ اللہ نے اِس کام میں اتنی برکت دی کہ اب تک تھر کے مختلف علاقوں اور گوٹھوں میں صاف اور میٹھے پانی کے ۵۵۰ کنویں کھودے جا چکے ہیں۔ اِسی طرح بچوں کی تعلیم کے لیے ۴۵؍اسکول بھی قائم کیےجاچکے ہیں، جن میں ذہین بچوں کو مزید تعلیم جاری رکھنے کے لیے وظائف دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔