ماہنامہ ترجمان القرآن، جولائی 2026
ماہنامہ شمارہمجموعہ: ماہنامہ ترجمان القرآن
سید ابو الاعلیٰ مودودی رحمہ اللہ · اردو
یہ ماہنامہ ترجمان القرآن (جولائی 2026) کا شمارہ ہے، جس میں آزاد کشمیر کی سیاسی و انتظامی صورتحال اور اس پر جماعت اسلامی پاکستان کے موقف پر تفصیلی مضمون شامل ہے۔
شمارے میں حضرت خدیجہؓ کی سیرت کے منفرد پہلو، پاکستان میں دستور سازی کا تاریخی پس منظر، اور تیونس کی تحریک النہضہ کی صورتحال پر مضامین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ صحابہ کرامؓ کے قرآن سے تعلق اور اخلاقی تعلیمات پر ایک منتخب سلسلہ بھی شامل ہے، اور آخر میں مولانا مودودیؒ کے دور پر ایک مختصر تحریر بھی درج ہے۔
یہ متن Tarjuman-ul-Quran Archive سے حاصل کیا گیا ہے، اور مستقل رسائی کے لیے یہاں محفوظ کیا گیا ہے۔ اصل صفحہ ملاحظہ کریں ↗
عفوو درگزر
حضرت حسینؓ کا غلام اُن کے دسترخوان پر کھانے کا پیالہ لایا، اس کے ہاتھ سے پیالہ چھوٹ گیا۔ آپ کا لباس شوربے میں لتھڑ گیا۔ آپؓ نے غضبناک نظروں سے غلام کی طرف دیکھا۔ اس نے سورۂ آل عمران کی آیت۱۳۴ کا ایک حصہ پڑھا: <<وَالْكٰظِمِيْنَ الْغَيْظَ>> (غصہ پی جانے والے مومنین)۔ آپؓ نے فرمایا: میں نے غصہ پی لیا۔ خادم نے آیت کا اگلا حصہ پڑھا: <<وَالْعَافِيْنَ عَنِ النَّاسِ>> (لوگوں کو معاف کرنے والے)۔ سیدنا حسینؓ نے کہا: میں نے تجھے معاف کیا۔ اس نے آیت کا آخری حصہ پڑھا: <<وَاللّٰهُ يُحِبُّ الْمُحْسِنِيْنَ>> (اللہ احسان کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔) آپؓ نے فرمایا: جائو میں نے تمھیں آزاد کیا۔ (سیرتِ حسینؓ، ص:۱۳۱)
حرؓ بن قیس کو امیر المومنین حضرت عمرؓ کے ہاں قدرومنزلت حاصل تھی۔ ان کا بھائی عُیَینہ بن حِصن ایک بدّو سردار تھا اور اکھڑ مزاجی اس کی طبیعت کا حصہ تھی۔عُیینہ اپنے بھائی حرؓ کے ہمراہ امیرالمومنینؓ کے ہاں پہنچے تو عُیینہ نے کرخت لہجے میں بات کرتے ہوئے کہا:’’آپؓ ہمیں کچھ بھی مال نہیں دیتے۔ آپؓ ہمارے ساتھ عدل سے فیصلہ نہیں کرتے۔‘‘ حضرت عمرؓ کو اس کی بات بہت بُری لگی اور ممکن تھا کہ وہ اسے سزادیتے۔ حضرت حرؓ بن قیس نے اپنے بھائی کی اس کی بے ہودہ گوئی پر امیر المومنین کی ناراضی کو بھانپ لیا اور یہ آیت پڑھی: خُذِ الْعَفْوَوَاْمُرْ بِالْعُرْفِ وَاَعْرِضْ عَنِ الْجٰہِلِيْنَ۱۹۹ (اعراف۷: ۱۹۹)’’نرمی و در گزر کا طریقہ اختیار کرو، بھلائی کی تلقین کیے جاؤ اور جاہلوں سے نہ اُلجھو‘‘۔ یہ سن کر حضرت عمرؓ کا غیض و غضب فوراً کافور ہو گیا۔ (بخاری، کتاب التفسیر)