تصریحات
سید ابو الاعلیٰ مودودی رحمہ اللہ · اردو
کتاب "تصریحات" مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی کی ایک جامع تحریری و تقریری رہنمائی پر مشتمل ہے جو خاص طور پر نوجوان طلبہ و طالبات کے بنیادی سوالات، شکوک اور عصری مسائل کے تناظر میں مرتب کی گئی ہے۔ اس کتاب کا بنیادی مقصد یہ واضح کرنا ہے کہ اسلام صرف ایک مذہبی عقیدہ یا روحانی نظام نہیں بلکہ انسانی زندگی کے تمام پہلوؤں—فردی، سماجی، سیاسی، اقتصادی اور تعلیمی—کا ایک مکمل اور جامع نظامِ حیات ہے۔ مولانا مودودی نے اس کتاب کے ذریعے نہ صرف باطل مگر غالب نظریات—جیسے لادینیت، سرمایہ داری، اشتراکیت، قومیت پرستی، فرقہ واریت اور مغربی تہذیب—کا مقابلہ کیا ہے بلکہ ایک ایسی نسل کی تربیت کا منصوبہ بھی پیش کیا ہے جو علم، ایمان اور عمل کے توازن پر استوار ہو کر اسلامی انقلاب کی قیادت کر سکے۔
کتاب کا آغاز تاریخی اور عالمی تناظر سے ہوتا ہے، جہاں مرتب بیسویں صدی کے سیاسی و فکری حالات—مغربی استعمار کا زوال، امریکی سامراج کا عروج، فسطائیت و اشتراکیت کی عروج و زوال، اور خلافت عثمانیہ کے خاتمے کے بعد مسلم دنیا کی اندرونی کمزوریوں—کا جائزہ لیتا ہے۔ اس تناظر میں وہ یہ واضح کرتا ہے کہ موجودہ دور میں اسلامیت اور لادینیت کے درمیان جو کشمکش چل رہی ہے، اس کی صحیح سمجھ کے لیے تاریخی ارتقاء اور مختلف ادوار کے رویوں کو ٹھیک ٹھیک سمجھنا ضروری ہے۔
کتاب کا بیشتر حصہ اسلامی جمعیت طلبہ و طالبات کے ساتھ 1950ء سے 1979ء تک، یعنی قریب تین دہائیوں پر محیط، مختلف نشستوں، تربیتی کیمپوں، اجتماعات اور انٹرویوز کی صورت میں ہونے والے سوال و جواب پر مشتمل ہے، جن میں پاکستان، ہندوستان، برطانیہ، امریکہ اور سعودی عرب کی طلبہ تنظیموں کے ساتھ ملاقاتیں شامل ہیں۔ ان نشستوں میں تعلیم، تحریکِ اسلامی کے طریقِ کار، جماعتِ اسلامی سے وابستگی، اور نوجوانوں کو درپیش فکری چیلنجز جیسے موضوعات بار بار زیرِ بحث آتے ہیں۔
کتاب کے وسط میں ایک الگ باب 'ادب میں اخلاقی اقدار' شامل ہے جو شعر، افسانہ، صحافت، خطابت اور ترجمے جیسی اصنافِ ادب کا جائزہ لے کر جائز و ناجائز ادب کے اسلامی معیار کی نشان دہی کرتا ہے۔ چونکہ کتاب کا بیشتر مواد وقتاً فوقتاً مختلف مواقع پر ہونے والی گفتگو پر مبنی ہے، اس لیے اس کا امتیاز کسی واحد مسلسل بحث میں نہیں بلکہ نوجوان نسل کی تربیت کے لیے مولانا کے دیرینہ، تسلسل بھرے تعلقِ خاطر میں مضمر ہے۔
یہ متن Read Maududi سے حاصل کیا گیا ہے، اور مستقل رسائی کے لیے یہاں محفوظ کیا گیا ہے۔ اصل صفحہ ملاحظہ کریں ↗
اسلامی ادب#
مقصد: اسلامی ادب کی وہ خصوصیت جس سے وہ جائز ادب سے ممیز ہوتا ہے۔ اس کا واضح اور متعین مقصد ہوتا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ وہ دنیا کو غیر اسلام سے ہٹائے اور اسلام کی طرف راغب کرے۔ اسلام کے برحق ہونے پر دلوں کو مطمئن کرے۔ انسان میں اس قسم کا جذبہ پیدا کرے کہ وہ خود اسلام کی پیروی کرے اور دنیا میں اسلامی نظام زندگی کو برپا کرے۔
جائز ادب اور اسلامی ادب میں مقصد کا فرق ہے۔ اسلامی ادب صرف جائز ادب کی حدود کے اندر ہی نہیں رہتا بلکہ آگے بڑھ کر کوشش کرتا ہے کہ لوگوں کو اسلام کی طرف لائے‘ اسلام کی حمایت کرے۔ دوسرے نظاموں پر تنقید کر کے اسلام کا ایک برتر نظام زندگی ہونا ثابت کرے۔ اسلام جن خوبیوں کو چمکاتا ہے انہیں چمکائے اور اسلام کی حمایت میں ایک صحیح عزم لے کر اٹھنے کا جذبہ پیدا کرے۔
اسلامی ادب کی دو قسمیں ہیں:
اقناعی ادب
محرک ادب
اقناعی ادب: جس ادب میں اس امر کی کوشش کی جائے کہ علمی اور عقلی دلائل سے انسان کو اسلام کے متعلق حتمی طور پر مطمئن کیا جائے کہ اسلام ہی حق ہے اور اسلام ہی صحیح نظام ہے جس میں دوسرے نظامات زندگی پر تنقید کر کے بتایا جائے کہ ان میں کیا خرابی ہے۔ جس میں دوسرے نظامات کے بُرے نتائج کی تسلی بخش حد تک وضاحت کی جائے۔ جس میں علمی اور عقلی حیثیت سے ثابت کیا جائے کہ ان مشکلات کا صحیح حل اسلام میں ہی ہے۔ یہ ادب دل و دماغ کو مطمئن کرنے والا ادب ہوتا ہے۔
محرک ادب: جو مطمئن ہونے والے لوگوں کو عمل پر ابھارنے عمل کے لئے اکسائے اور عمل کی طرف دھکیلے اور اس طرح اِتقائی ادب کی قوتِ نفوذ کو دو آتشہ بنا دے۔ یہ ضروری ہے کہ ادب صرف علمی اور عقلی دلائل کا مجموعہ ہی نہ ہو بلکہ اس کے ساتھ ساتھ محرک بھی ہو۔ محرک ادب کو ہم الکحل کی مثال دے سکتے ہیں۔ جس طرح الکحل دوا کو حل کر کے انسانی جسم میں سہولت سے جذب کرتا ہے اسی طرح اِتقائی ادب میں اگر محرک ادب بھی ملا دیا جائے تو وہ انسانی دل و دماغ میں آسانی سے جذب ہو سکتا ہے۔ لیکن جس طرح دوا میں الکحل اس غرض کے لئے ہوگا کہ دوا کے تحلیل کرنے میں آسانی ہو اسی طرح اِتقائی ادب میں بھی محرک ادب اسی مقصد کے لئے شامل کیا جائے گا کہ اس کے جذب ہونے میں آسانی ہو۔ اس سے دلائل میں قوت آئے گی اور فکر میں علمی زور پیدا ہوگا۔ محرک ادب کی بنیاد کا بھی علمی حقیقتوں پر مبنی ہونا ضروری ہے۔ محرک ادب میں دلائل بھی ہوتے ہیں۔ معقولیت کے ساتھ بات بھی سمجھانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ لیکن اس کی نمایاں خصوصیت لوگوں کے جذبات کو ابھارنا، اکسانا اور تحریک کے ساتھ ان کا گہرا تعلق پیدا کرنا ہوتا ہے۔
محرک ادب کے تحت شعر۔ افسانہ۔ خطابت اور صحافت آسکتے ہیں۔