ماہنامہ ترجمان القرآن، اپریل 2026
ماہنامہ شمارہمجموعہ: ماہنامہ ترجمان القرآن
سید ابو الاعلیٰ مودودی رحمہ اللہ · اردو
یہ ماہنامہ ترجمان القرآن (اپریل 2026) کا شمارہ ہے، جس کا مرکزی موضوع ایران پر اسرائیلی و امریکی جارحیت اور اس کے مسلم دنیا پر اثرات ہیں۔
شمارے میں صحابہ کرامؓ کی سیرت، رمضان و عید کے اخلاقی اسباق، دعاؤں کی قبولیت میں رکاوٹ بننے والے اسباب، اور فتح و نصرت کے قرآنی تصور پر مضامین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کشمیر کی مذہبی و سیاسی صورتحال، خاص طور پر آسیہ اندرابی سے متعلق مقدمے پر تفصیلی رپورٹیں بھی درج ہیں۔
یہ متن Tarjuman-ul-Quran Archive سے حاصل کیا گیا ہے، اور مستقل رسائی کے لیے یہاں محفوظ کیا گیا ہے۔ اصل صفحہ ملاحظہ کریں ↗
فکراقبال اور تہذیبی تصادم
[شاہنواز فاروقی | اپریل ۲۰۲۶ | اقبالیات] علّامہ اقبال ہماری عصری تاریخ کی عظیم ترین شخصیتوں میں سے ایک ہیں۔ انھیں ہم صدیوں کے تہذیبی عمل کا حاصل کہیں تو غلط نہ ہوگا۔ ان کی عہد ساز شاعری ہمارے اجتماعی شعور کی صورت گری اور پیش گوئی کی ایسی غیر معمولی صلاحیت رکھتی ہے، جس کے بغیر بڑی شاعری کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔ اقبال کی اصل فکر ان کی شاعری میں ملتی ہے۔ مذہبی، تاریخی اور تہذیبی حوالے سے اقبال کی فکر کا سب سے اہم پہلو مغربی تہذیب و تمدن کا تنقیدی جائزہ ہے۔ اکبر الٰہ آبادی کے بعد اقبال ہمارے دوسرے شاعر ہیں جن کے یہاں مشرق و مغرب کی آویزش اور اسلامی و جدید مغربی تہذیب کے اساسی تصورات ایک دوسرے کے مقابل کھڑے ہوکر ایک دوسرے کی حدود اور ماہیت متعین کرتے نظر آتے ہیں۔ اس اعتبار سے اقبال ہمارے پہلے مفکر ہیں جنھوں نے مغرب کے فکری چیلنج سے نظربچا کر چلنے کے بجائے پوری شدت سے اس کا جواب دیا۔
اقبال کے سامنے اصل سوال یہ تھا کہ مغربی فکر سے ہمارے تعلق کی نوعیت کیا ہے؟ ان کی پوری زندگی، شاعری، نثر اور مجلسی گفتگوئوں میں اس سوال کا جواب دیتے ہوئے بسر ہوگئی۔ اقبال کے جواب سے کسی کو اتفاق ہو یا اختلاف، لیکن یہ جواب اتنا اہم ہے کہ اگر اس کو نظرانداز کر دیا جائے تو ہماری گرہ میں صرف اکبر کی وہ شاعری رہ جائے گی، جسے ہم میں سے اکثر اپنے جہل مرکب کے باعث مزاحیہ شاعری سمجھتے ہیں۔ اور اگر اکبر کو بھی ایک طرف رکھ دیا جائے تو دو صدیوں کا گونگا پن ہمارے تعاقب میں ہوگا۔