مرکزی مواد پر جائیں
ماہنامہ ترجمان القرآن کی طرف واپس

ماہنامہ ترجمان القرآن، اپریل 2026

ماہنامہ شمارہ

مجموعہ: ماہنامہ ترجمان القرآن

سید ابو الاعلیٰ مودودی رحمہ اللہ · اردو

یہ ماہنامہ ترجمان القرآن (اپریل 2026) کا شمارہ ہے، جس کا مرکزی موضوع ایران پر اسرائیلی و امریکی جارحیت اور اس کے مسلم دنیا پر اثرات ہیں۔

شمارے میں صحابہ کرامؓ کی سیرت، رمضان و عید کے اخلاقی اسباق، دعاؤں کی قبولیت میں رکاوٹ بننے والے اسباب، اور فتح و نصرت کے قرآنی تصور پر مضامین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کشمیر کی مذہبی و سیاسی صورتحال، خاص طور پر آسیہ اندرابی سے متعلق مقدمے پر تفصیلی رپورٹیں بھی درج ہیں۔

یہ متن Tarjuman-ul-Quran Archive سے حاصل کیا گیا ہے، اور مستقل رسائی کے لیے یہاں محفوظ کیا گیا ہے۔ اصل صفحہ ملاحظہ کریں ↗

انسانی تربیت پر ماحول کے اثرات

[نعیم صدیقی | اپریل ۲۰۲۶ | سماجیات] یہ سوال کہ ’موجودہ ماحول انسانی تربیت پر کیا اثرات ڈالتا ہے؟‘ اس سیدھے سادے مختصر سوال کا جواب مختصر نہیں ہوسکتا۔ موجودہ ماحول انسانی اکثریت میں جو اثرات پیدا کرتا ہے، ان کا اندازہ ان خبری معلومات سے کیا جاسکتا ہے جو ہر روز میڈیا اور اخبارات ہمارے سامنے لارکھتے ہیں۔ اس دور میں ہم دیکھ رہے ہیں کہ ہرجگہ الحاد، مادہ پرستی اور آخرت فراموشی کے ساتھ دوسروں کی خدمت اور خیرخواہی کا خاتمہ ہورہا ہے اورملکوں ملکوں میں ذلّت آمیز مناظر اُبھر رہے ہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ عقل کی ساری طرازیوں کے باوجود انسان کے اندر چھپا ہوا حیوان انسانیت کے خول سے باہر آکر آفات کا ایک طوفان اُٹھا رہا ہے۔ پچھلے چار پانچ سو سال کی تاریخ کا ہر دور اپنے سے پہلے زمانے کے مقابلے میں زیادہ پستی، شر اور ذلّت کا دور ہے۔ اور آج ہم تاریخ کے انتہائی گندے دور میں گھرے ہوئے ہیں۔

موجودہ مادہ پرستانہ ماحول نے انسانی اکثریت میں جو آفات پھیلا دی ہیں وہ یہ ہیں: بُتِ دولت کی پرستش، معیارِ زندگی بڑھانے کا جنون، خواہشات و لذات کی غلامی، عہدوں، شہرت اور تعیشات سے دلچسپی، انسانی اخلاقیات سے دُوری، معاملات میں حرام و حلال اور جائز و ناجائز کی تمیز کا خاتمہ، عام طریقوں سے آمدنی یا کثیر دولت نہ ملے تو جرائم، قتل اور ڈاکے، چھیناجھپٹی، قبضہ گروپ کا نیاکھیل، چوری، بنکوں پر ڈاکے، ہیروئن اور دیگر منشیات کا کاروبار، رشوت و خیانت، کام چوری، جعل سازی، اپنی تہذیبی اقدار اور شعار کی پامالی، بے پردہ مخلوط معاشرت اور جنسی اُکساہٹوں والے فنون اور ابلاغیات کی چاٹ، بڑھتی ہوئی بدکاری کے علاوہ، جنسی اُکساہٹوں کے سبب علی الاعلان گندی حرکات اور کمینگی کے مظاہرے___ علم و تحقیق، ادبی و شعری تخلیقات، نیز سائنسی علوم میں اکتشافات میں کم از کم ہم مسلمانوں میں کارناموں کا خانہ خالی نظر آنا۔ دشمنِ اسلام نظریوں اور تہذیبوں کی اندھی غلامی، نظامِ تعلیم کا غلامی کے دور سے اب تک جکڑے رہنا اور معاشرے کی فلاح و ترقی کے لیے کوئی کردار ادا نہ کرسکنا___ یہ ہے چارج شیٹ ماحول کے خلاف۔