مرکزی مواد پر جائیں

کفالتِ عامہ — غربت کا خاتمہ

زندگی کے ہر شعبے کے لیے قرآن و سنت کی رہنمائی، مستند حوالوں کے ساتھ — تاکہ آپ خود فیصلہ کریں۔

نظامِ معیشت

حلال کمائی، سود کی ممانعت اور تجارت کے شرعی اصول۔

انسان کی معاشی زندگی کو انصاف اور راستی پر قائم رکھنے کے لیے اِسلام نے چند اُصول اور چند حدود مقرر کر دیے ہیں تا کہ دولت کی پیدائش ،استعمال اور گردش کا سارا نظام انھی خطوط کے اندر چلے جو اس کے لیے کھینچ دیے گئے ہیں۔ دولت کی پیداوار کے طریقے اور اس کی گردش کی صورتیں کیا ہوں؟ اِسلام کو اس سوال سے کوئی بحث نہیں ہے۔ یہ چیزیں تو مختلف زمانوں میں تمدن کے نشوونما کے ساتھ ساتھ بنتی اور بدلتی رہتی ہیں۔ ان کا تعین انسانی حالات و ضروریات کے لحاظ سے خود بخود ہو جاتا ہے اِسلام جو کچھ چاہتا ہے وہ یہ ہے کہ تمام زمانوں اور حالات میں انسان کے معاشی معاملات جو شکلیں بھی اختیار کریں ان میں یہ اصول مستقل طور پر قائم رہیں اور ان حدود کی لازماً پابندی کی جائے۔
— مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ، «اسلام کا نظام حیات»، باب: اِسلام کا اقتصادی نظاممکمل باب پڑھیں

کفالتِ عامہ — غربت کا خاتمہ

5 آیات3 احادیث

قرآنِ مجید

وَفِي أَمْوَالِهِمْ حَقٌّ لِلسَّائِلِ وَالْمَحْرُومِ
اور ان کے مالوں میں حق تھا سائل اور محروم کے لیے۔
وَيُطْعِمُونَ الطَّعَامَ عَلَى حُبِّهِ مِسْكِينًا وَيَتِيمًا وَأَسِيرًا
اور اللہ کی محبت میں مسکین اور یتیم اور قیدی کو کھانا کھلاتے ہیں
أَرَأَيْتَ الَّذِي يُكَذِّبُ بِالدِّينِ
تم نے دیکھا اُس شخص کو جو آخرت کی جزا و سزا کو جھُٹلاتا ہے؟
فَذَلِكَ الَّذِي يَدُعُّ الْيَتِيمَ
وہی تو ہے جو یتیم کو دھکّے دیتا ہے،
وَلَا يَحُضُّ عَلَى طَعَامِ الْمِسْكِينِ
اور مسکین کا کھانا دینے پر نہیں اُکساتا۔

احادیث

صحیح بخاری 2298

… نے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جب کسی ایسی میت کو لایا جاتا جس پر کسی کا قرض ہوتا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے کہ کیا اس نے اپنے قرض کے ادا کرنے کے لیے بھی کچھ چھوڑا ہے؟ پھر اگر کوئی آپ کو بتا دیتا کہ ہاں اتنا مال ہے جس سے قرض ادا ہو سکتا ہے۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کی نماز پڑھاتے ورنہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسلمانوں ہی سے فرما دیتے کہ اپنے ساتھی کی نماز پڑھ لو۔ پھر جب اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر فتح کے دروازے کھول دیئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میں مسلمانوں کا خود ان کی ذات سے بھی زیادہ مستحق ہوں۔ اس لیے اب جو بھی مسلمان وفات پا جائے اور وہ مقروض رہا ہو تو اس کا قرض ادا کرنا میرے ذمے ہے اور جو مسلمان مال چھوڑ جائے وہ اس کے وارثوں کا حق ہے۔

صحیح بخاری 5373

… نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ بھوکے کو کھلاؤ پلاؤ، بیمار کی مزاج پرسی کرو اور قیدی کو چھڑاؤ۔ سفیان ثوری نے کہا کہ ( حدیث میں ) لفظ «عاني» سے مراد قیدی ہے۔

صحیح بخاری 5353

… نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ بیواؤں اور مسکینوں کے کام آنے والا اللہ کے راستے میں جہاد کرنے والے کے برابر ہے، یا رات بھر عبادت اور دن کو روزے رکھنے والے کے برابر ہے۔

مولانا مودودیؒ کی تحریروں سے

دوسری طرف وہ تقاضا کرتا ہے کہ سوسائٹی میں ایک مستقل ادارہ موجود رہے جو معذور اور بے وسیلہ لوگوں کی مدد کا ضامن ہو ۔جو لوگ معاشی دوڑ میں حصہ لینے کے قابل نہ ہوں وہ اس ادارے سے اپنا حصہ پائیں جو لوگ اتفاقات زمانہ سے اس دوڑ میں گر پڑے ہوں انھیں یہ ادارہ اُٹھا کر پھر چلنے کے قابل بنا دے اور جن لوگوں کوجدوجہد کے میدان میں اُترنے کے لیے سہارے کی ضرورت ہوانھیں اس ادارے سے سہارا ملے ۔اس مقصد کے لیے اِسلام نے ازروئے قانون یہ طے کیا ہے کہ ملک کی تمام جمع شدہ دولت پر ڈھائی فی صدی سالانہ اور اسی طرح پورے تجارتی سرمائے پر بھی ڈھائی فی صدی سالانہ زکوٰۃ وصول کی جائے۔ تمام عشری زمینوں کی زرعی پیداوار کا دس فی صدی یا پانچ فی صدی حصہ لیا جائے۔ بعض معدُنیات کی پیدا وار کا بیس فی صدی حصہ لیا جائے۔ مویشیوں کی ایک خاص تناسب سے سالانہ زکوۃلگائی جائے اور یہ تمام سرمایہ غریبوں یتیموں اور محتاجوں کی مدد کے لیے استعمال کیا جائے۔ یہ ایک ایسا اجتماعی انشورنس ہے جس کی موجودگی میں اسلامی سوسائٹی کے اندر کوئی شخص زندگی کی ناگزیر ضروریات سے کبھی محروم نہیں رہ سکتا ،کوئی محنت کش آدمی کبھی اتنا مجبور نہیں ہو سکتا کہ فاقے کے ڈر سے خدمت کی وہی شرائط منظور کر لے جو کار خانہ دار یا زمین دار پیش کر رہا ہو۔کسی شخص کی طاقت اُس کم از کم معیار سے کبھی نیچے نہیں گر سکتی جو معاشی جدوجہد میں حصہ لینے کے لیے ضروری ہے۔
— مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ، «اسلام کا نظام حیات»، باب: اِسلام کا اقتصادی نظاممکمل باب پڑھیں
اسلام معاشرے اور ریاست کے ذمّے یہ فرض عائد نہیں کرتا کہ وہ اپنے افراد کو روزگار فراہم کرے۔ اس لیے کہ فراہمی روزگار کی ذمہ داری بغیر اس کے نہیں لی جاسکتی کہ ذرائع پیداوار پر اجتماعی قبضہ یا کم از کم نازی طرز کا تسلط ہو، اور اس کی غلطی و مضرت پہلے بتائی جاچکی ہے۔ لیکن اسلام اس کو بھی صحیح نہیں سمجھتا کہ اجتماعی زندگی میں افراد کو بالکل ان کے اپنے ہی ذرائع اور اپنے ہی حالات پر چھوڑ دیا جائے اور آفت رسیدہ لوگوں کی خبر گیری کا کوئی بھی ذمہ دار نہ ہو۔ وہ ایک طرف ہر انسان پر فرداً فرداً یہ اخلاقی فریضہ عائد کرتا ہے کہ وہ اپنے اور پرائے جس فرد بشر کو بھی مدد کامحتاج پائے اس کی مدد اپنی حد استطاعت تک ضرور کرے۔ دوسری طرف صناعوں، تاجروں اور زمینداروں سے بھی یہ مطالبہ کرتا ہے کہ اپنے کاروبار کے سلسلے میں جن لوگوں سے وہ کام لیتے ہیں ان کے حقوق ٹھیک ٹھیک ادا کریں۔ اور اس سب پر مزید یہ کہ وہ پورے معاشرے اور ریاست پر یہ ذمہ داری عائد کرتا ہے کہ اس کے حدود عمل کے اندر رہنے والا کوئی شخص کم سے کم ضروریات زندگی سے محروم نہ رہنے پائے۔ معاشرے کے اندر جو لوگ بے روزگار ہوجائیں، یا کسی عارضی سبب سے ناقابل کار ہوں یا کسی مستقل وجہ سے ناکارہ ہوجائیں یا کسی حادثے اور آفت کے شکار ہوں ان سب کو سہارا دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ وہ بچے جن کا کوئی سرپرست نہیں، ان کی سرپرستی کرنا ریاست کا فرض ہے۔ حد یہ ہے کہ جو شخص قرضدار ہو اور اپنا قرض ادا نہ کرسکے اس کا قرض بھی بالآخر ریاست پر جا پڑتا ہے۔
— مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ، «اسلام اور جدید معاشی نظریات»، باب: ٤۔ زکوٰۃمکمل باب پڑھیں
ایک بنیادی اصول یہ ہے کہ بھوکا آدمی ہر حالت میں اس کا مستحق ہے کہ اسے روٹی دی جائے۔ ننگا ہر حالت میں اس کا مستحق ہے کہ اسے کپڑا دیا جائے۔ زخمی اور بیمار آدمی ہر حالت میں اس کا مستحق ہے کہ اسے علاج کی سہولت فراہم کی جائے‘ قطع نظر اس سے کہ وہ بھوکا‘ ننگا یا زخمی یا مریض شخص دشمن ہو یا دوست۔ یہ عمومی (universal)حقوق میں سے ہے۔ دشمن کے ساتھ بھی ہم یہی سلوک کریں گے۔ اگر دشمن قوم کا کوئی فرد ہمارے پاس آجائے گا تو ہمارا فرض ہوگا کہ اسے بھوکا ننگا نہ رہنے دیں اور زخمی یا بیمار ہو تو اس کا علاج کرائیں۔
— مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ، «اسلامی ریاست»، باب: معاشی تحفظمکمل باب پڑھیں
ایک دفعہ حضرت عمرؓ نے ایک ضعیف العمر آدمی کو بھیک مانگتے دیکھا اور اس سے اس ذلیل حرکت کا سبب دریافت کیا۔ اس نے کہا کہ جزیہ ادا کرنے کے لیے بھیک مانگتا ہوں۔ اس پر آپ نے اس کا جزیہ معاف کر دیا اور اس کے لیے وظیفہ مقرر کیا اور اپنے افسر خزانہ کو لکھا: خدا کی قسم! یہ ہرگز انصاف نہیں ہے کہ ہم اس کی جوانی میں اس سے فائدہ اٹھائیں اور بڑھاپے میں اس کو رسوا کریں۔‘‘ [کتاب الخراج ص ۷۷۔فتح القدیر ج‘ ۲ ص ۳۷۳۔ ] دمشق کے سفر میں بھی حضرت عمرؓ نے اپنے معذور ذمیوں کے لیے امدادی وظائف مقرر کرنے کے احکام جاری کیے تھے۔
— مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ، «اسلامی ریاست»، باب: جزیہ و خراج کی تحصیل میں رعایاتمکمل باب پڑھیں

تحقیق و تجزیہ

ذیل کے حصے ادارے کی تحریر ہیں، مولانا مودودیؒ یا کسی اور مصنف کا اقتباس نہیں۔ ہر حصے کے ساتھ اس کے ماخذ — آیت، حدیث، سیرت یا کتاب — درج ہیں تاکہ آپ خود جانچ سکیں۔

سوال
کوئی بھوکا کیوں سوئے؟
ادارہ

قرآن نے آخرت کی جزا و سزا کو جھٹلانے والے کی نشانی یہ بتائی کہ وہ یتیم کو دھکے دیتا ہے اور مسکین کو کھانا کھلانے پر نہیں اکساتا؛ اور نیک بندوں کی صفت یہ کہ وہ اللہ کی محبت میں مسکین، یتیم اور قیدی کو کھانا کھلاتے ہیں۔ متقی لوگ اپنے مال میں مانگنے والے اور محروم کا حق سمجھتے تھے، احسان نہیں۔ اس اخلاقی حق کے علاوہ زکوٰۃ کو فرض کر کے محتاجوں کا ایک قانونی حق بھی مقرر کیا گیا۔

  • اصل موضوع: زکوٰۃ
مقاصد
مقصد: ہر شخص کی بنیادی ضروریات کی ضمانت
ادارہ

مقصد یہ ہے کہ سوسائٹی میں ایک مستقل ادارہ موجود رہے جو معذور اور بےوسیلہ لوگوں کی مدد کا ضامن ہو: جو معاشی دوڑ میں حصہ لینے کے قابل نہیں وہ اس سے اپنا حصہ پائیں، جو گر پڑے اسے اٹھایا جائے، اور کوئی محنت کش فاقے کے ڈر سے ظالمانہ شرائط ماننے پر مجبور نہ ہو۔ ایک علمی رائے کے مطابق ریاست پر روزگار فراہم کرنا لازم نہیں، مگر یہ ذمہ داری ضرور ہے کہ اس کی حدود میں رہنے والا کوئی شخص کم سے کم ضروریاتِ زندگی سے محروم نہ رہے (علمی رائے؛ متعلقہ اقتباسات اوپر)۔

طریقِ کار
کفالت کا نظام: فرد، خاندان، معاشرہ، ریاست
ادارہ

کفالت کئی سطحوں پر ہے: ہر فرد پر اپنے اور پرائے محتاج کی مدد؛ رشتہ داروں اور پڑوسیوں کا حق؛ زکوٰۃ، جو مال داروں سے لے کر محتاجوں کو لوٹائی جاتی ہے؛ اور آخر میں ریاست، جو بےروزگار، معذور، آفت زدہ اور بےسہارا بچوں کا سہارا ہے۔ نبی ﷺ نے فتوحات کے بعد اعلان فرمایا کہ جو مسلمان قرض چھوڑ کر مرے اس کی ادائیگی میرے ذمے ہے اور جو مال چھوڑے وہ وارثوں کا ہے۔ بیوہ اور مسکین کے لیے دوڑ دھوپ کرنے والے کو اللہ کی راہ میں جہاد کرنے والے کے برابر کہا گیا۔ میثاقِ مدینہ میں بھی یہ شق تھی کہ اہلِ ایمان قرض اور عیال کے بوجھ تلے دبے شخص کو فدیہ یا دیت میں بےسہارا نہیں چھوڑیں گے۔

خلافتِ راشدہ میں
خلافتِ راشدہ: وظائف اور بیت المال
ادارہ

حضرت عمرؓ کے دور میں دیوان کے ذریعے وظائف کا باقاعدہ نظام قائم ہوا اور بیت المال ادارے کی شکل اختیار کر گیا۔ وظائف کی مقدار اور تقسیم کا طریقہ انتظامی اجتہاد تھا، دائمی حکم نہیں۔ محتاج غیر مسلم شہریوں کی مدد کی مثالیں اسی موضوع کے «سب کے لیے» والے حصے میں ہیں۔

سب انسانوں کے لیے
بھوکا دشمن بھی ہو تو کھانا اس کا حق ہے
ادارہ

نبی ﷺ نے فرمایا: بھوکے کو کھلاؤ، بیمار کی عیادت کرو اور قیدی کو چھڑاؤ — یہ حکم کسی مذہب کی قید کے بغیر ہے۔ اسی بنیاد پر یہ اصول بیان کیا گیا ہے کہ بھوکے کو روٹی، ننگے کو کپڑا اور زخمی یا بیمار کو علاج ہر حال میں ملنا چاہیے، چاہے وہ دشمن ہو یا دوست؛ اور محتاج ذمیوں کے لیے بیت المال سے وظائف کا ذکر تاریخ میں محفوظ ہے۔ قرآن کی آیت میں جن کو کھانا کھلایا گیا ان میں «اسیر» یعنی قیدی بھی شامل ہے۔

آخرت
محتاج کی مدد — عبادت کا درجہ
ادارہ

قرآن کے مطابق نیک بندے محتاج کو کھلا کر کہتے ہیں کہ ہم صرف اللہ کی رضا کے لیے کھلاتے ہیں، تم سے نہ بدلہ چاہتے ہیں نہ شکریہ۔ بیوہ اور مسکین کی خدمت کو رات بھر عبادت اور دن کے روزے کے برابر کہا گیا۔ یوں کفالت صرف سرکاری اسکیم نہیں، ہر صاحبِ استطاعت کے لیے آخرت کی کمائی ہے — اور اسے نظر انداز کرنا قرآن کے مطابق آخرت کی جزا و سزا کو جھٹلانے والے کی علامت ہے۔

  • درجہ درج نہیں
عصرِ حاضر میں
آج کے لیے: سماجی تحفظ اور زکوٰۃ
عصری تجزیہ

عالمی بینک کی ۲۰۲۶ء کی رپورٹ کے مطابق شدید غربت میں کمی ۲۰۱۹ء سے تقریباً رک گئی ہے: تقریباً ۸۱ کروڑ ۱۰ لاکھ لوگ روزانہ تین ڈالر سے کم پر گزارہ کرتے ہیں۔ ILO کے مطابق دنیا کی آدھی سے کچھ زیادہ آبادی کو کسی نہ کسی سماجی تحفظ تک رسائی ہے؛ تقریباً ۳ ارب ۸۰ کروڑ لوگ اب بھی کسی تحفظ سے محروم ہیں۔ اسلامی اصول کفالت کو حق اور ریاست کی ذمہ داری بناتے ہیں؛ مسلم اکثریتی ممالک میں ان اصولوں پر عمل اور سرکاری زکوٰۃ کے انتظامات کی تاثیر پر قابلِ اعتماد تقابلی اعداد ابھی یہاں شامل نہیں۔ یہ اعداد ریاستوں کو ناپتے ہیں، «اسلامی نظام» کو نہیں۔ زکوٰۃ کی وصولی و تقسیم، سماجی بیمہ اور روزگار کی پالیسیاں کس شکل میں ہوں، یہ شوریٰ کا اجتہادی میدان ہے۔

ماخذ (2)

اس موضوع پر آپ کے پاس معلومات ہیں؟ رجسٹرڈ ممبر کی حیثیت سے مضمون شامل کریں — نظرِ ثانی کے بعد شائع ہوگا۔

معاون کیلکولیٹرز

کوئی بھی حساب لگا سکتا ہے — مفتی صاحب کو بھیجنے کے لیے صرف لاگ ان درکار ہے
مفتی کی توثیق درکار

زکوٰۃ کیلکولیٹر

اپنے نصاب کے مطابق نقدی، سونا، چاندی اور مالِ تجارت کی بنیاد پر واجب الادا زکوٰۃ معلوم کریں۔

مفتی کی توثیق درکار

میراثِ کیلکولیٹر

ورثاء کی تفصیل درج کریں اور شرعی اصولوں کے مطابق میراث کی تقسیم کا مسودہ حاصل کریں۔