مرکزی مواد پر جائیں

نظامِ ادارے اور نفاذ

زندگی کے ہر شعبے کے لیے قرآن و سنت کی رہنمائی، مستند حوالوں کے ساتھ — تاکہ آپ خود فیصلہ کریں۔

نظامِ ادارے اور نفاذ

شوریٰ، عدالت، بیت المال، احتساب اور تعلیم کے ادارے: ان کا مقصد، اختیار، حدود اور جواب دہی۔

اس سلسلے میں یہ سوال باقی رہ جاتا ہے کہ اسلام میں ریاست کے ان تینوں اعضاء کا باہمی تعلق کیا ہے؟ اس باب میں احکام تو موجود نہیں ہیں، مگر عہد نبویؐ اور خلافتِ راشدہ کے تعامل (Convention) میں ہم کو پوری روشنی ملتی ہے۔ اس تعامل سے ہم کو معلوم ہوتا ہے کہ جہاں تک صدر ریاست کا تعلق ہے وہ صدر ہونے کی حیثیت سے ریاست کے ان تینوں شعبوں کا صدر ہے۔ یہی حیثیت نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو حاصل تھی اور یہی خلفائے راشدین کو حاصل رہی۔ مگر صدر سے نیچے اتر کر ہم تینوں شعبوں کو اس دور میں ایک دوسرے سے الگ پاتے ہیں۔ اس زمانے میں اہل الحل والعقد الگ تھے، جن کے مشورے سے خلافت راشدہ کے دورمیں انتظامی معاملات بھی چلائے جاتے تھے اور قانونی مسائل کے فیصلے بھی کیے جاتے تھے۔ نظم و نسق کے ذمہ دار امراء الگ تھے جن کا قضاء (عدالت) میں کوئی دخل نہ تھااور قاضی (جج اور مجسٹریٹ) الگ تھے جن پر انتظامی ذمہ داریوں کا کوئی بار نہ تھا۔
— مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ، «اسلامی دستور کی تدوین»، باب: مختلف اعضائے ریاست کا باہمی تعلقمکمل باب پڑھیں

مقننہ: قانون سازی اور اس کی حدود

قرآنِ مجید

أَمْ لَهُمْ شُرَكَاءُ شَرَعُوا لَهُمْ مِنَ الدِّينِ مَا لَمْ يَأْذَنْ بِهِ اللَّهُ وَلَوْلَا كَلِمَةُ الْفَصْلِ لَقُضِيَ بَيْنَهُمْ وَإِنَّ الظَّالِمِينَ لَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌ
کیا یہ لوگ کچھ ایسے شریکِ خدا رکھتے ہیں جنہوں نے اِن کے لیے دین کی نوعیّت رکھنے والا ایک ایسا طریقہ مقرر کر دیا ہے جس کا اللہ نے اِذن نہیں دیا؟ اگر فیصلے کی بات پہلے طے نہ ہوگئی ہوتی تو ان کا قضّیہ چکا دیا گیا ہوتا۔ یقیناً اِن ظالموں کے لیے دردناک عذاب ہے۔

مولانا مودودیؒ کی تحریروں سے

مقننہ (Legislature) وہی چیز ہے جسے ہمارے ہاں کی قدیم اصطلاح میں ’’اہل الحل والعقد‘‘ کہا جاتا ہے۔ اس کے معاملے میں یہ بات بالکل صاف ہے کہ جو ریاست اللہ اور رسولﷺ کی قانونی حاکمیّت مان کر بنائی گئی ہو، اس کی مقننہ کتاب اللہ وسنت رسولؐ اللہ کی ہدایات کے خلاف اپنے اجماع سے بھی کوئی قانون سازی کرنے کی مجاز نہیں ہو سکتی۔ ابھی میں آپ کو قرآن کا یہ فیصلہ سنا چکا ہوں کہ ’’کسی مومن مرد اور عورت کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ اللہ اور رسولؐ جس معاملے کا فیصلہ کر چکے ہوں اس میں ان کو پھر خود کوئی فیصلہ کرنے کا اختیار باقی رہے۔ اور جو لوگ اللہ کے نازل کردہ قانون کے مطابق فیصلہ نہ کریں وہی کافر ہیں۔‘‘ ان احکام کا لازمی تقاضا یہ ہے کہ اللہ اور رسولؐ کے خلاف کوئی قانون سازی کرنا مجلسِ قانون ساز کے حدودِ اختیار سے باہر ہو، اور ہر ایسا قانون اگر وہ لیجسلیچر پاس بھی کر دے‘ تو لازماً حدودِ دستور سے متجاوز(Ultra Vires of the Constitution) قرار پائے۔
— مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ، «اسلامی دستور کی تدوین»، باب: مجالسِ قانون ساز کے حدودمکمل باب پڑھیں
(ج) مقننہ (legislature) لازماً ایک شوروی ہیئت (consultative body) ہونی چاہیے (ملاحظہ ہو پیرا گراف نمبر ۱۰)۔ لیکن اس کے اختیارات قانون سازی بہرحال ان حدود سے محدود ہوں گے جو پیرا گراف نمبر ۳، ۵ میں بیان کیے ہیں۔ جہاں تک ان امور کا تعلق ہے جن میں خدا اور رسول نے واضح احکام دیے ہیں یا حدود اور اصول مقرر کیے ہیں، یہ مقننہ ان کی تعبیر و تشریح کر سکتی ہے، ان پر عمل درآمد کے لیے ضمنی قواعد اور ضابطہ کارروائی تجویز کر سکتی ہے، مگر ان میں ردّ و بدل نہیں کر سکتی۔ رہے وہ امور جن کے لیے بالاتر قانون ساز نے کوئی قطعی احکام نہیں دیے ہیں، نہ حدود اور اصول متعین کیے ہیں، ان میں اسلام کی اسپرٹ اور اس کے اصول عامہ کے مطابق مقننہ ہر ضرورت کے لیے قانون سازی کر سکتی ہے، کیونکہ ان کے بارے میں کوئی حکم نہ ہونا ہی اس بات کی دلیل ہے کہ شارع نے ان کو اہل ایمان کی صواب دید پر چھوڑ دیا ہے۔
— مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ، «خلافت و ملوکیت»، باب: ۱۲۔ دستور کے بنیادی اصولمکمل باب پڑھیں
یہ دونوں آیتیں مشورے کو لازم کرتی ہیں، اور صدرِ ریاست کو ہدایت کرتی ہیں کہ جب وہ مشورے کے بعد کسی فیصلے پر پہنچ جائے تو اللہ کے بھروسے پراسے نافذ کردے۔ لیکن یہ اس سوال کا کوئی واضح جواب نہیں دیتیں جو ہمارے سامنے پیش ہے۔ حدیث میں بھی اس کے متعلق کوئی قطعی حکم مجھے نہیں ملا۔ البتہ خلافتِ راشدہ کے تعامل سے علمائے اسلام نے بالعموم یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ نظم ریاست کا اصل ذمہ دار صدر ریاست ہے اور وہ اہل الحل والعقد سے مشورہ کرنے کا پابند ضرور ہے مگر اس بات کا پابند نہیں ہے کہ ان کی اکثریت یا ان کی متفقہ رائے پر ہی عمل کرے۔ دوسرے الفاظ میں اس کو ’’ویٹو‘‘ کے اختیارات حاصل ہیں۔
— مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ، «اسلامی دستور کی تدوین»، باب: مختلف اعضائے ریاست کا باہمی تعلقمکمل باب پڑھیں
مگر جب ملوکیت کا دور آیا تو یہ قاعدہ بھی بدل گیا۔ شوریٰ کی جگہ شخصی استبداد نے لے لی۔ حق شناس اور حق کو اہل علم سے بادشاہ، اور بادشاہوں سے یہ لوگ دور بھاگنے لگے۔ اب بادشاہوں کے مشیر اگر تھے تو ان کے گورنر، قائدین، شاہی خاندان کے امراء، اور درباری لوگ تھے، نہ کہ وہ اہل الرائے اصحاب جن کی قابلیت اور دیانت و امانت پر امت کو اعتماد تھا۔ اس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہوا کہ ایک بڑھتے ہوئے تمدن میں پیش آنے والے قانونی مسائل میں فیصلہ دینے والا کوئی ایسا با اختیار ادارہ باقی نہ رہا جس کی طرف معاملات میں بروقت رجوع کیا جا سکتا ہو، جس کے اجتماعی یا جمہوری فیصلے قانون اسلامی کے جز بن جائیں، اور پھر ملک کی تمام عدالتیں انہی کے مطابق معاملات کے تصفیے کرنے لگیں۔ جہاں تک حکومت کے نظم و نسق ، اہم داخلی و خارجی مسائل، اور عام پالیسی کے معاملات کا تعلق تھا، یہ شاہی کونسل ان کے فیصلے تو بڑے یا بھلے کر سکتی تھی۔ لیکن قانونی مسائل کے فیصلے کرنا ان کے بس کا کام نہ تھا۔
— مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ، «خلافت و ملوکیت»، باب: ۶- شوروی حکومت کا خاتمہمکمل باب پڑھیں

مزید مطالعہ — مولانا مودودیؒ کی دیگر تحریریں

لائبریری میں اس موضوع پر ان کی کتابوں کے یہ ابواب بھی موجود ہیں:

مولانا مودودیؒ کی تمام کتابیں لائبریری میں دیکھیں ←

اس موضوع پر آپ کے پاس معلومات ہیں؟ رجسٹرڈ ممبر کی حیثیت سے مضمون شامل کریں — نظرِ ثانی کے بعد شائع ہوگا۔

معاون کیلکولیٹرز

کوئی بھی حساب لگا سکتا ہے — مفتی صاحب کو بھیجنے کے لیے صرف لاگ ان درکار ہے
مفتی کی توثیق درکار

زکوٰۃ کیلکولیٹر

اپنے نصاب کے مطابق نقدی، سونا، چاندی اور مالِ تجارت کی بنیاد پر واجب الادا زکوٰۃ معلوم کریں۔

مفتی کی توثیق درکار

میراثِ کیلکولیٹر

ورثاء کی تفصیل درج کریں اور شرعی اصولوں کے مطابق میراث کی تقسیم کا مسودہ حاصل کریں۔