مرکزی مواد پر جائیں

عوامی وسائل

زندگی کے ہر شعبے کے لیے قرآن و سنت کی رہنمائی، مستند حوالوں کے ساتھ — تاکہ آپ خود فیصلہ کریں۔

نظامِ معیشت

حلال کمائی، سود کی ممانعت اور تجارت کے شرعی اصول۔

انسان کی معاشی زندگی کو انصاف اور راستی پر قائم رکھنے کے لیے اِسلام نے چند اُصول اور چند حدود مقرر کر دیے ہیں تا کہ دولت کی پیدائش ،استعمال اور گردش کا سارا نظام انھی خطوط کے اندر چلے جو اس کے لیے کھینچ دیے گئے ہیں۔ دولت کی پیداوار کے طریقے اور اس کی گردش کی صورتیں کیا ہوں؟ اِسلام کو اس سوال سے کوئی بحث نہیں ہے۔ یہ چیزیں تو مختلف زمانوں میں تمدن کے نشوونما کے ساتھ ساتھ بنتی اور بدلتی رہتی ہیں۔ ان کا تعین انسانی حالات و ضروریات کے لحاظ سے خود بخود ہو جاتا ہے اِسلام جو کچھ چاہتا ہے وہ یہ ہے کہ تمام زمانوں اور حالات میں انسان کے معاشی معاملات جو شکلیں بھی اختیار کریں ان میں یہ اصول مستقل طور پر قائم رہیں اور ان حدود کی لازماً پابندی کی جائے۔
— مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ، «اسلام کا نظام حیات»، باب: اِسلام کا اقتصادی نظاممکمل باب پڑھیں

عوامی وسائل

3 آیات4 احادیث

قرآنِ مجید

هُوَ الَّذِي خَلَقَ لَكُمْ مَا فِي الْأَرْضِ جَمِيعًا ثُمَّ اسْتَوَى إِلَى السَّمَاءِ فَسَوَّاهُنَّ سَبْعَ سَمَاوَاتٍ وَهُوَ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيمٌ
وہی تو ہے جس نے تمھارے لیے زمین کی ساری چیزیں پیدا کیں،پھر اُوپر کی طرف توجّہ فرمائی اور سات آسمان استوار کیے ۔اور وہ ہر چیز کا علم رکھنے والا ہے۔  ؏۳
وَالْأَرْضَ وَضَعَهَا لِلْأَنَامِ
زمین کو اس نے سب مخلوقات کے لیے بنایا۔
وَسَخَّرَ لَكُمْ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ جَمِيعًا مِنْهُ إِنَّ فِي ذَلِكَ لَآيَاتٍ لِقَوْمٍ يَتَفَكَّرُونَ
اس نے زمین اور آسمانوں کی ساری ہی چیزوں کو تمہارے لیے مسخّر کر دیا ہے، سب کچھ اپنے پاس سے۔۔۔۔ اِس میں بڑی نشانیاں ہیں اُن لوگوں کے لیے جو غور و فکر کرنے والے ہیں۔

احادیث

صحیح بخاری 2335

… نے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جس نے کوئی ایسی زمین آباد کی، جس پر کسی کا حق نہیں تھا تو اس زمین کا وہی حقدار ہے۔ عروہ نے بیان کیا کہ عمر رضی اللہ عنہ نے اپنے عہد خلافت میں یہی فیصلہ کیا تھا۔

صحیح بخاری 2353

… نے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا بچے ہوئے پانی سے کسی کو اس لیے نہ روکا جائے کہ اس طرح جو ضرورت سے زیادہ گھاس ہو وہ بھی رکی رہے۔

صحیح بخاری 2370

… نے کہ صعب بن جثامہ لیثی رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، چراگاہ اللہ اور اس کا رسول ہی محفوظ کر سکتا ہے۔ ( ابن شہاب نے ) بیان کیا کہ ہم تک یہ بھی پہنچا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے نقیع میں چراگاہ بنوائی تھی اور عمر رضی اللہ عنہ نے سرف اور ربذہ کو چراگاہ بنایا۔

سنن ابو داؤد 3477صحیح · البانی

نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ میں سے ایک مہاجر کہتے ہیں کہ میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تین بار جہاد کیا ہے، میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنتا تھا: مسلمان تین چیزوں میں برابر برابر کے شریک ہیں ( یعنی ان سے سبھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں ) : ( ا ) پانی ( نہر و چشمے وغیرہ کا جو کسی کی ذاتی ملکیت میں نہ ہو ) ، ( ۲ ) گھاس ( جو لاوارث زمین میں ہو ) اور ( ۳ ) آگ ( جو چقماق وغیرہ سے نکلتی ہو ) ۔

مولانا مودودیؒ کی تحریروں سے

قدرت کی جن نعمتوں کو تیار کرنے یا کار آمد بنانے میں کسی کی محنت و قابلیت کا کوئی دخل نہ ہو وہ سب انسانوں کے لیے مباحِ عام ہیں۔ ہر شخص کو حق ہے کہ اپنی ضرورت بھر ان سے فائدہ اٹھائے ۔دریاؤں اور چشموں کا پانی ،جنگل کی لکڑی ،قدرتی درختوں کے پھل ،خود روگھاس اور چارا ،ہوا اور پانی اور صحرا کے جانور، سطح زمین پر کُھلی ہوئی کانیں ،اس قسم کی چیزوں پر نہ توکسی کی اجارہ داری قائم ہو سکتی ہے اور نہ ایسی پابندیاں لگائی جا سکتی ہیں کہ بند گانِِ خدا کچھ دیے بغیر ان سے اپنی ضرورتیں پوری نہ کر سکیں ۔ہاں جو لوگ تجارتی اغراض کے لیے بڑے پیمانے پر ان میں سے کسی چیز کو استعمال کرنا چاہیں ان پر ٹیکس لگایا جا سکتا ہے۔ خدا نے جو چیزیں انسان کے فائدے کے لیے بنائی ہیں انھیں لے کر بے کار ڈال رکھنا صحیح نہیں ہے۔ یا تو ان سے خود فائدہ اُٹھاؤ ،ورنہ چھوڑ دو تا کہ دوسرے ان سے متمتع ہوں ۔اسی اصول کی بنا پر اسلامی قانون یہ فیصلہ کرتا ہے کہ کوئی شخص اپنی زمین کو تین سال سے زیادہ مدت تک افتادہ حالت میں نہیں رکھ سکتا۔ اگر وہ اسے زراعت یا عمارت یا کسی دوسرے کام میں استعمال نہ کرے تو تین سال گزر جانے کے بعد وہ متروکہ زمین سمجھی جائے گی، کوئی دوسرا شخص اسے کام میں لے آئے تو اس پر دعوٰی نہ کیا جا سکے گا ،اور اسلامی حکومت کو بھی یہ اختیار ہو گا کہ اس زمین کو کسی کے حوالے کر دے۔
— مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ، «اسلام کا نظام حیات»، باب: اِسلام کا اقتصادی نظاممکمل باب پڑھیں
اسلام اس اَمر کو حرام نہیں کرتا کہ کسی صنعت یا کسی تجارت کو حکومت اپنے انتظام میں چلائے۔ اگر کوئی صنعت یا تجارت ایسی ہو جس کی اجتماعی مصالح کے لیے ضرورت تو ہو مگر افراد اسے چلانے کے لیے تیار نہ ہوں، یا افراد کے انتظام میں اس کا چلنا اجتماعی مفاد کے خلاف ہو، تو اُسے حکومت کے انتظام میں چلایا جا سکتا ہے۔ اسی طرح اگر کوئی صنعت یا تجارت کچھ افراد کے ہاتھوں میں ایسے طریقوں سے چل رہی ہو جو اجتماعی مفاد کے لیے نقصان دہ ہوں تو حکومت ان افراد کو معاوضہ دے کر وُہ کاروبار اپنے ہاتھ میں لے سکتی ہے اور کسی دوسرے مناسب طریقے سے اس کے چلانے کا انتظام کر سکتی ہے۔ ان تدابیر کے اختیار کرنے میں کوئی مانع شرعی نہیں ہے۔ لیکن اسلام اس بات کو ایک اصول کی حیثیت سے قبول نہیں کرتا کہ دولت کی پیداوار کے تمام ذرائع حکومت کی مِلک میں ہوں اور حکومت ہی ملک کی واحد صناع وتاجر اور مالکِ اراضی ہو۔
— مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ، «اسلام اور عدلِ اجتماعی»، باب: مصالح عامہ کے لیے قومی ملکیت کے حدودمکمل باب پڑھیں

تحقیق و تجزیہ

ذیل کے حصے ادارے کی تحریر ہیں، مولانا مودودیؒ یا کسی اور مصنف کا اقتباس نہیں۔ ہر حصے کے ساتھ اس کے ماخذ — آیت، حدیث، سیرت یا کتاب — درج ہیں تاکہ آپ خود جانچ سکیں۔

سوال
پانی، چراگاہ اور معدنیات کس کے ہیں؟
ادارہ

قرآن کہتا ہے کہ زمین میں جو کچھ ہے سب انسانوں کے لیے پیدا کیا گیا اور زمین «اَنام» — مخلوق — کے لیے بچھائی گئی۔ آج پانی، جنگلات، چراگاہیں اور معدنیات پر اجارہ داری غربت اور تنازعات کا بڑا سبب ہے۔ سوال یہ ہے کہ کون سے وسائل سب کے مشترک ہیں اور ریاست ان پر کیا اختیار رکھتی ہے۔

اصول
مباحِ عام: پانی، گھاس اور آگ میں سب شریک
ادارہ

حدیث میں ہے کہ مسلمان تین چیزوں — گھاس، پانی اور آگ — میں شریک ہیں، اور ضرورت سے زائد پانی اس غرض سے روکنا منع ہے کہ اس کے ذریعے گھاس بھی روک لی جائے۔ قدرت کی وہ نعمتیں جنہیں کارآمد بنانے میں کسی کی محنت شامل نہیں — دریاؤں کا پانی، جنگل کی لکڑی، خودرو گھاس، سطحِ زمین پر کھلی کانیں — سب کے لیے مباح ہیں، ان پر اجارہ داری نہیں ہو سکتی؛ البتہ بڑے پیمانے پر تجارتی استعمال پر محصول لگ سکتا ہے۔ زمین کو بیکار روکے رکھنا بھی درست نہیں۔

طریقِ کار
ریاست کا کردار: محفوظ چراگاہیں اور قومی انتظام کی حد
ادارہ

نبی ﷺ نے فرمایا کہ «حمیٰ» (محفوظ چراگاہ) صرف اللہ اور اس کے رسول کے لیے ہے؛ اسی روایت میں ابن شہاب زہری کا بیان ہے کہ آپ ﷺ نے نقیع کو اور حضرت عمرؓ نے سرف اور ربذہ کو چراگاہ بنایا — یعنی عوامی مفاد کے لیے ریاست مشترک وسائل محفوظ کر سکتی ہے، کوئی فرد یا سردار نہیں۔ ایک علمی رائے کے مطابق جو صنعت اجتماعی مفاد کے لیے ضروری ہو مگر افراد نہ چلائیں، یا نجی ہاتھوں میں نقصان دہ ہو، اسے ریاست چلا سکتی ہے اور معاوضہ دے کر اپنے ہاتھ میں لے سکتی ہے، مگر تمام ذرائعِ پیداوار کو ریاستی ملکیت بنا دینا اصول کے طور پر قبول نہیں (علمی رائے؛ متعلقہ اقتباس اوپر)؛ ریاستی ملکیت کی تفصیلی حدود اجتہادی ہیں۔

آخرت
زمین ایک امانت — آنے والوں کا بھی حق
ادارہ

جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے سب اللہ نے مسخر کیا ہے اور اس میں غور کرنے والوں کے لیے نشانیاں ہیں؛ مالِ فے کی آیات میں «بعد میں آنے والوں» کا حق بھی رکھا گیا۔ مشترک وسائل کا ضیاع یا قبضہ صرف قانونی جرم نہیں بلکہ ایسی امانت میں خیانت ہے جس کا حساب اللہ کے سامنے دینا ہے۔

اس موضوع پر آپ کے پاس معلومات ہیں؟ رجسٹرڈ ممبر کی حیثیت سے مضمون شامل کریں — نظرِ ثانی کے بعد شائع ہوگا۔

معاون کیلکولیٹرز

کوئی بھی حساب لگا سکتا ہے — مفتی صاحب کو بھیجنے کے لیے صرف لاگ ان درکار ہے
مفتی کی توثیق درکار

زکوٰۃ کیلکولیٹر

اپنے نصاب کے مطابق نقدی، سونا، چاندی اور مالِ تجارت کی بنیاد پر واجب الادا زکوٰۃ معلوم کریں۔

مفتی کی توثیق درکار

میراثِ کیلکولیٹر

ورثاء کی تفصیل درج کریں اور شرعی اصولوں کے مطابق میراث کی تقسیم کا مسودہ حاصل کریں۔