مرکزی مواد پر جائیں
احادیث کے مجموعے

تدوینِ حدیث — چار ادوار

یہ صفحہ کتاب «انتخابِ حدیث» از مولانا عبدالغفار حسن عمرپوری کے مقدمہ (ص ۱۷–۳۴) پر مشتمل ہے۔ متن مصنف کا ہے؛ ہر حصے کے نیچے کتاب کا صفحہ اور مصنف کے حوالے درج ہیں۔ تحریر: ۱۶ ربیع الثانی ۱۳۷۶ھ، مطابق ۲۰ نومبر ۱۹۵۶ء۔

حدیث کے تمام ضروری اور اہم مباحث اس مختصر مقدمہ میں نہیں سموئے جا سکتے، ان کے لیے علیحدہ مستقل تصنیف کی ضرورت ہے۔ سرِدست حدیث کے جمع و ترتیب کا ایک مختصر سا خاکہ پیش کیا جا رہا ہے، جس سے اندازہ ہو سکتا ہے کہ احادیثِ نبویؐ کے گراں قدر ذخائر تیرہ سو سال کے عرصہ میں کن کن مراحل کو طے کرتے ہوئے ہم تک پہنچے ہیں، اور وہ کون کون سے پاک باز نفوس تھے جنھوں نے حکمت و ہدایت کے ان بیش بہا خزانوں کو آئندہ نسلوں تک محفوظ شکل میں منتقل کرنے کے لیے اپنی زندگیاں وقف کر دیں، اور اگر موقع آیا تو اس راہ میں جان کی بازی لگا دینے سے بھی گریز نہ کیا۔

انتخابِ حدیث، ص ۱۷

حفاظتِ حدیث کے تین ذرائع

احادیثِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم ہم تک تین قابلِ اعتماد ذرائع سے پہنچی ہیں:

  1. تعاملِ اُمّت۔
  2. تحریری یادداشتیں اور صحیفے۔
  3. حافظہ کی مدد سے روایت، یعنی سلسلہ درس و تدریس۔

اس لحاظ سے جمع و ترتیب اور تصنیف و تالیف کے پورے زمانے کو چار ادوار میں تقسیم کیا جا سکتا ہے:

پہلا دَور

(عہدِ نبویؐ سے پہلی صدی ہجری کے خاتمہ تک)

اس دَور کے جامعینِ حدیث اور قلم بند کی ہوئی یادداشتوں اور مجموعوں کی تفصیل یہ ہے:

مشہور حافظینِ حدیث — صحابہؓ

نمبرناموفاتعمرتعدادِ روایات
۱حضرت ابوہریرہؓ (عبدالرحمٰن)*۵۹ھ۷۸ سال۵۳۷۴
۲حضرت عبداللہ بن عباسؓ۶۸ھ۷۱ سال۲۶۶۰
۳حضرت عائشہ صدیقہؓ۵۸ھ۶۷ سال۲۲۱۰
۴حضرت عبداللہ بن عمرؓ۷۳ھ۸۴ سال۱۶۳۰
۵حضرت جابرؓ بن عبداللہ۷۸ھ۹۴ سال۱۵۶۰
۶حضرت انسؓ بن مالک۹۳ھ۱۰۳ سال۱۲۸۶
۷حضرت ابو سعید خدریؓ۷۴ھ۸۴ سال۱۱۷۰

* ان کے شاگردوں کی تعداد ۸۰۰ تک پہنچتی ہے۔

یہ وہ جلیل القدر صحابہ کرامؓ ہیں جنھیں ہزار سے زیادہ احادیث حفظ تھیں۔

ان کے علاوہ حضرت عبداللہ بن عمروؓ بن العاص، وفات ۶۳ھ، حضرت علیؓ، وفات ۴۰ھ، حضرت عمرؓ، وفات ۲۳ھ کا شمار اُن صحابہؓ میں ہوتا ہے جن کی روایات کی تعداد پانچ سو اور ہزار کے درمیان ہے۔

اسی طرح حضرت ابوبکرؓ صدیق، وفات ۱۳ھ۔ حضرت عثمانؓ، وفات ۳۶ھ۔ حضرت اُمِّ سلمہؓ، وفات ۵۹ھ۔ حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ، وفات ۵۲ھ۔ حضرت ابو ذر غفاریؓ، وفات ۳۲ھ۔ حضرت ابو ایوب انصاریؓ، وفات ۵۱ھ۔ حضرت اُبی بن کعبؓ، وفات ۱۹ھ اور حضرت معاذؓ بن جبل، وفات ۱۸ھ، سے سو (۱۰۰) سے زیادہ اور پانچ سو (۵۰۰) سے کم روایات منقول ہیں۔

عبداللہ بن عمروؓ بن العاصعلیؓعمرؓابوبکرؓعثمانؓاُمِّ سلمہؓابو موسیٰ اشعریؓابو ذر غفاریؓابو ایوب انصاریؓاُبی بن کعبؓمعاذؓ بن جبل

انتخابِ حدیث، ص ۱۸

تابعینؒ

ان کے ماسوا اس دَور کے اُن کبار تابعین کو بھی نہیں بھلایا جا سکتا جن کی سرفروشانہ اور پُرخلوص کوششوں کی بدولت سُنّت کے خزانوں سے اُمّتِ محمدیہ قیامت تک مالا مال ہوتی رہے گی۔ چند بزرگوں کا تعارُف درجِ ذیل ہے:

(۱) سعید بن مُسیّبؒ

عہدِ فاروقیؓ کے دوسرے سال مدینہ میں ان کی ولادت ہوئی، اور ۱۰۵ھ میں وفات پائی۔ حضرت عثمانؓ، حضرت عائشہؓ، حضرت ابوہریرہؓ اور حضرت زیدؓ بن ثابت سے انھوں نے علمِ حدیث حاصل کیا۔

(۲) عروہ بن زبیرؒ

آپ کا شمار مدینہ کے ممتاز اہلِ علم میں ہوتا ہے، حضرت عائشہؓ کے خواہر زادے ہیں۔ زیادہ تر انھوں نے اپنی خالہ محترمہ سے احادیث روایت کی ہیں۔ نیز حضرت ابوہریرہؓ اور حضرت زیدؓ بن ثابت سے بھی شرفِ تلمّذ حاصل ہے۔ صالح بن کیسانؒ اور امام زُہریؒ جیسے اہلِ علم ان کے تلامذہ میں شامل ہیں۔ آپ کی وفات ۹۴ھ میں ہوئی۔

عروہ بن زبیرؒ

(۳) سالمؒ بن عبداللہ بن عمرؓ

مدینہ کے سات فقہا میں آپ کا شمار ہوتا ہے، آپ نے اپنے والدِ محترم اور دوسرے صحابہؓ سے علمِ حدیث حاصل کیا۔ نافع، زہری اور دوسرے مشہور تابعین آپ کے شاگرد ہیں۔ ۱۰۶ھ میں رحلت فرمائی۔

سالم بن عبداللہؒ

(۴) نافعؒ مولیٰ عبداللہ بن عمرؓ

یہ حضرت عبداللہ بن عمرؓ کے خاص شاگرد اور امام مالکؒ کے استاد ہیں۔ محدثین کے نزدیک یہ سند (مالک عن نافع عن عبداللہ بن عمرؓ عن رسولؐ اللہ) سلسلۃ الذہب (طلائی زنجیر) شمار ہوتی ہے۔ ۱۱۷ھ میں وفات پائی۔

نافعؒ

انتخابِ حدیث، ص ۱۹

دَورِ اوّل کا تحریری سرمایہ

(۱) صحیفہ صادقہ

یہ حضرت عبداللہ بن عمروؓ بن العاص (وفات ۶۳ھ بعمر ۷۷ سال) کا مرتّب کیا ہوا ہے۔ آپ کو تصنیف و تالیف کا خاص ذوق تھا۔ یہ جو کچھ بھی آں حضرت ﷺ سے سنا کرتے اسے قلم بند کر لیا کرتے تھے، اس بارے میں خود رسول اللہ ﷺ نے انھیں اجازت دی ہوئی تھی۔ یہ مجموعہ تقریباً ایک ہزار احادیث پر مشتمل تھا۔ عرصہ تک ان کے خاندان میں محفوظ رہا۔ اب یہ مسند امام احمدؒ میں بتمام و کمال مل سکتا ہے۔

  • حوالہ: مختصر جامع بیان العلم۔ ص ۳۶، ۳۷۔
عبداللہ بن عمروؓ بن العاص

(۲) صحیفہ صحیحہ

مرتّبہ ہمام بن مُنبّہ، وفات ۱۰۱ھ۔ یہ حضرت ابوہریرہؓ کے مشہور تلامذہ میں سے ہیں۔ انھوں نے اپنے اُستاذِ محترم کی روایات کو یک جا قلم بند کر لیا تھا، اس کے قلمی نسخے برلن اور دمشق کے کتب خانوں میں موجود ہیں۔ نیز امام احمد بن حنبلؒ نے اپنی مشہور مسند میں ابوہریرہؓ کے زیرِ عنوان یہ پورا صحیفہ بجنسہٖ سمو دیا ہے۔ (ملاحظہ ہو مسند احمد، ج ۲۔ ص ۳۱۲ تا ۳۱۸) یہ مجموعہ کچھ عرصہ قبل ڈاکٹر حمید اللہ صاحب کی کوشش سے طبع ہو کر حیدرآباد دکن سے شائع ہو چکا ہے۔ اس میں (۱۳۸) روایات ہیں۔ یہ صحیفہ حضرت ابوہریرہؓ کی تمام روایات کا ایک حصہ ہے۔ اس کی اکثر روایات بخاری اور مسلم میں بھی ملتی ہیں۔ الفاظ ملتے جلتے ہیں۔ کوئی نمایاں فرق نہیں ہے۔

  • حوالہ: تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو، دیباچہ صحیفہ ہمام، مرتّبہ ڈاکٹر حمید اللہ صاحب۔
ابوہریرہؓڈاکٹر حمید اللہ

(۳) حضرت ابوہریرہؓ کے دوسرے شاگرد بشیر بن نہیک نے بھی ایک مجموعہ مرتب کیا تھا، جس کی تصدیق انھوں نے رخصت ہوتے وقت حضرت ابوہریرہؓ کو سنا کر کرا لی تھی۔

  • حوالہ: جامع العلم۔ ج ۱۔ ص ۷۲۔ تہذیب التہذیب۔ ج ۱۔ ص ۴۷۰۔

(۴) مسند ابوہریرہؓ

اس کے نسخے عہدِ صحابہ ہی میں لکھے گئے تھے۔ اس کی ایک نقل حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ کے والد عبدالعزیز بن مروان گورنرِ مصر، وفات ۸۶ھ کے پاس بھی تھی۔ انھوں نے کثیر بن مُرّہ کو لکھا تھا کہ تمھارے پاس صحابہ کرامؓ کی جو حدیثیں ہوں انھیں لکھ کر بھیج دو، لیکن حضرت ابوہریرہؓ کی روایات بھیجنے کی ضرورت نہیں، کیوں کہ وہ ہمارے پاس لکھی ہوئی موجود ہیں۔ مسند ابوہریرہؓ کا ایک نسخہ امام ابن تیمیہؒ کے ہاتھ کا لکھا ہوا جرمنی کے کتب خانے میں موجود ہے۔

  • حوالہ: دیباچہ صحیفہ ہمام، ص ۵۰۔ بحوالہ طبقات ابن سعد ج ۷۔ ص ۱۵۷۔
  • حوالہ: مقدمہ تحفۃ الاحوذی شرح ترمذی۔ ص ۱۶۵۔

(۵) صحیفہ حضرت علیؓ

امام بخاریؒ کی تصریح سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ مجموعہ کافی ضخیم تھا، اس میں زکوٰۃ، حرمتِ مدینہ، خطبہ حجۃ الوداع اور اسلامی دستور کے نکات درج تھے۔

  • حوالہ: صحیح بخاری۔ کتاب الاعتصام بالکتاب والسنۃ۔ ج ۱۔ ص ۴۵۱۔
علیؓ

(۶) آں حضور ﷺ کا تحریری خطبہ

فتح مکہ کے موقع پر رسول اللہ ﷺ نے ابو شاہ یمنی کی درخواست پر اپنا مفصل خطبہ قلم بند کرنے کا حکم دیا تھا۔ یہ خطبہ حقوقِ انسانی کی اہم تفصیلات پر مشتمل ہے۔

  • حوالہ: صحیح بخاری۔ مطبوعہ احمدی۔ ج ۱۔ ص ۲۰، مختصر جامع العلم۔ ص ۳۶، صحیح مسلم۔ ج ۱۔ ص ۴۳۹۔

(۷) صحیفہ حضرت جابرؓ

حضرت جابرؓ بن عبداللہؓ کی روایات کو ان کے تلامذہ وہب بن منبہ، وفات ۱۱۰ھ اور سلیمان بن قیس لشکری نے تحریری طور پر مرتب کر لیا تھا۔ یہ مجموعہ مناسکِ حج، خطبہ حجۃ الوداع پر مشتمل تھا۔

  • حوالہ: تہذیب التہذیب۔ ج ۴۔ ص ۲۱۵
جابرؓ بن عبداللہ

(۸) روایاتِ حضرت عائشہ صدیقہؓ

حضرت عائشہؓ کی احادیث ان کے شاگرد عروہ بن زبیرؒ نے قلم بند کر لی تھیں۔

  • حوالہ: تہذیب التہذیب۔ ج ۷، ص ۱۸۳۔
عائشہؓعروہؒ

(۹) احادیث ابن عباسؓ

حضرت عبداللہ بن عباسؓ کی روایات کے متعدد مجموعے تھے۔ حضرت سعید بن جبیر تابعیؒ بھی ان کی روایات تحریری طور پر مرتب کرتے تھے۔

  • حوالہ: دارمی۔ ص ۶۸
ابن عباسؓ

(۱۰) انسؓ بن مالک کے صحیفے

سعیدؒ بن ہلال کہتے ہیں کہ حضرت انسؓ اپنی قلمی یادداشتیں نکال کر ہمیں دکھاتے اور فرماتے یہ روایات میں نے خود رسول اللہ ﷺ سے سنی ہیں اور قلم بند کرنے کے بعد آپؐ کو سنا کر تصدیق بھی کرا لی ہے۔

  • حوالہ: دیباچہ صحیفہ ہمام۔ ص ۳۴، بحوالہ خطیب البغدادی۔ نیز مستدرک حاکم۔ ج ۳، ص ۵۷۴۔
انسؓ بن مالک

(۱۱) عمروؓ بن حزم

جنھیں یمن کا گورنر بنا کر بھیجتے وقت آں حضرت ﷺ نے ایک تحریری ہدایت نامہ دیا تھا۔ انھوں نے نہ صرف یہ کہ اس ہدایت نامہ کو محفوظ رکھا بلکہ اس کے ساتھ اکیس دوسرے فرامینِ نبویؐ بھی شامل کر کے ایک اچھی خاصی کتاب مرتّب کر لی۔

  • حوالہ: دیباچہ صحیفہ ہمام۔ ص ۳۵، طبع چہارم۔
  • حوالہ: الوثائق السیاسیہ۔ ص ۱۰۵۔ از ڈاکٹر حمید اللہ۔ بحوالہ طبری، ص ۱۰۴۔

(۱۲) رسالہ سمرہؓ بن جندب

یہ ان کے صاحب زادے کو وراثت میں ملا۔ یہ روایات کے ایک بہت بڑے ذخیرے پر مشتمل تھا۔

  • حوالہ: تہذیب التہذیب، لابن حجرؒ۔ ج ۴، ص ۲۳۶۔
سمرہؓ بن جندب

(۱۳) صحیفہ سعدؓ بن عبادہ

حضرت سعدؓ بن عبادہ صحابی، دورِ جاہلیت ہی سے لکھنا پڑھنا جانتے تھے۔

(۱۴) مکتوباتِ حضرت نافعؒ

سلیمان بن موسیٰ کی روایت ہے کہ عبداللہ بن عمرؓ املا کرا رہے تھے اور نافعؒ لکھتے جاتے تھے۔

  • حوالہ: دارمی۔ ص ۶۹۔ نیز دیباچہ صحیفہ ہمام۔ ص ۴۵، بحوالہ طبقات ابن سعد۔
نافعؒ

(۱۵) معن سے روایت ہے کہ عبدالرحمٰن بن عبداللہؓ بن مسعود نے میرے سامنے کتاب نکالی اور حلف اُٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ میرے والد عبداللہؓ بن مسعود کے ہاتھ کی لکھی ہوئی ہے۔

  • حوالہ: مختصر جامع العلم۔ ص ۳۷

اگر تحقیق و تفتیش کا سلسلہ جاری رکھا جائے تو ان کے علاوہ بہت سی مزید مثالیں اور واقعات مل سکتے ہیں۔

اِس دَور میں صحابہ کرامؓ اور کبار تابعینؒ نے زیادہ تر اپنی ذاتی یادداشتوں کو قلم بند کرنے پر توجہ دی، لیکن دوسرے دَور میں جمع و تدوین کا کام مزید وُسعت اختیار کر گیا۔ جامعینِ حدیث نے اپنی ذاتی معلومات کے ساتھ ساتھ اپنے شہر یا علاقہ کے اہلِ علم سے مل کر ان کی روایات بھی منضبط کر لیں۔

انتخابِ حدیث، ص ۱۹–۲۲

دوسرا دَور

(تقریباً دوسری صدی ہجری کے نصف تک)

یہ دوسرا دَور تقریباً دوسری صدی ہجری کے نصف پر منتہی ہوتا ہے۔

اس دَور میں تابعینؒ کی ایک بڑی جماعت تیار ہو گئی جس نے دورِ اوّل کے تحریری سرمایہ کو وسیع تر تالیفات میں سمیٹ لیا۔

جامعینِ حدیث

  • ۱۔ محمد بن شہاب زُہریؒ، وفات ۱۲۴ھ

    یہ اپنے زمانے کے ممتاز محدثین میں سے شمار ہوتے ہیں۔ آپ نے علمِ حدیث مندرجہ ذیل جلیل القدر شخصیتوں سے حاصل کیا ہے۔ صحابہؓ میں سے (۱) عبداللہ بن عمرؓ (۲) انس بن مالکؓ (۳) سہل بن سعدؓ اور تابعینؒ میں سے سعید بن مسیّبؒ، محمود بن ربیعؒ وغیرہ۔ آپ کے تلامذہ میں امام اوزاعیؒ، امام مالکؒ اور سُفیانؒ بن عیینہ جیسے ائمۂ حدیث کا شمار ہوتا ہے۔ انھیں حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ نے ۱۰۱ھ میں احادیث جمع کرنے کا حکم دیا تھا۔ ان کے علاوہ حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ نے مدینہ کے گورنر ابوبکر محمد بن عمروؓ بن حزم کو ہدایت بھیجی تھی کہ عمرہ بنتِ عبدالرحمٰن اور قاسم بن محمد کے پاس جو احادیث کا ذخیرہ ہے اسے قلم بند کر لیں۔ یہ عمرہ حضرت عائشہؓ کی خاص شاگردوں میں سے ہیں اور قاسم بن محمد ان کے برادر زادے۔ حضرت عائشہؓ نے اپنی نگرانی میں ان کی تربیت و تعلیم کا اہتمام کیا تھا۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ نے مملکتِ اسلامی کے تمام ذمہ داروں کو ذخائرِ حدیث کے جمع و تدوین کرنے کا تاکیدی فرمان جاری کر دیا تھا، جس کے نتیجے میں احادیث کے دفتر کے دفتر دارُالخلافہ دمشق پہنچ گئے۔ خلیفۂ وقت نے ان کی نقلیں مملکت کے گوشے گوشے میں پھیلا دیں۔ امام زُہریؒ کے مجموعۂ حدیث مُرتّب کرنے کے بعد اس دَور کے دوسرے اہلِ علم نے بھی تدوین و تالیف کا کام شروع کر دیا۔

    • حوالہ: تہذیب التہذیب ابن حجر، ج ۷، ص ۲۱۷۔
    • حوالہ: تذکرۃ الحفاظ، ج ۱، ص ۱۰۶۔ مختصر جامع العلم۔ ص ۳۸۔
    امام زُہریؒعمر بن عبدالعزیزؒ
  • ۲۔ عبدالملک بن جریجؒ (۱۵۰ھ) نے مکہ میں۔

  • ۳۔ امام اوزاعیؒ (ف ۱۵۷ھ) نے شام میں۔

    امام اوزاعیؒ
  • ۴۔ معمر بن راشد (ف ۱۵۳ھ) نے یمن میں۔

  • ۵۔ امام سفیان ثوریؒ (ف ۱۶۱ھ) نے کوفہ میں۔

    سفیان ثوریؒ
  • ۶۔ امام حمادؒ بن سلمہ (ف ۱۶۷ھ) نے بصرہ میں اور

  • ۷۔ امام عبداللہ بن المبارکؒ (ف ۱۸۱ھ) نے خراسان میں احادیث کے جمع و تدوین کے کام میں سبقت کا شرف حاصل کیا۔

  • ۸۔ امام مالک بن انسؒ (ولادت ۹۳ھ وفات ۱۷۹ھ)

    امام زُہریؒ کے بعد مدینہ میں حدیثِ نبویؐ کی تدوین کا شرف آپ ہی کو حاصل ہوا ہے۔ آپ نے نافعؒ، زُہریؒ اور دوسرے ممتاز اہلِ علم سے استفادہ کیا، آپ کے اساتذہ کی تعداد نو سو تک پہنچتی ہے۔ آپ کے چشمۂ فیض سے براہِ راست حجاز، شام، عراق، فلسطین، مصر، افریقہ اور اندلس کے ہزاروں تشنگانِ سُنّت سیراب ہوئے۔ آپ کے تلامذہ میں لیثؒ بن سعد (ف ۱۷۵ھ) ابن مبارکؒ (ف ۱۸۱ھ) امام شافعیؒ (ف ۲۰۴ھ)، امام محمدؒ بن حسن الشیبانی (ف ۱۷۹ھ) جیسے مشاہیر شامل ہیں۔

    امام مالکؒلیث بن سعدؒامام شافعیؒامام محمدؒ

انتخابِ حدیث، ص ۲۳–۲۴

دُوسرے دَور کا تحریری سرمایہ

مرفوع ۶۰۰موقوف ۶۱۳اقوالِ تابعین ۲۸۵مرسل ۲۲۸
  • مؤطا امام مالک

    اس دَور میں حدیث کے بہت سے مجموعے مرتب ہوئے جن میں امام مالکؒ کی مؤطا کو نمایاں مقام حاصل ہے، اس کا زمانہ تالیف ۱۳۰ھ اور ۱۴۱ھ کے درمیان ہے۔ کل روایات کی تعداد ۱۷۰۰ ہے۔ جن میں سے مرفوع ۶۰۰، مرسل ۲۲۸، موقوف ۶۱۳، اور اقوالِ تابعین ۲۸۵ ہیں۔

    مرفوعمرسلموقوف

اِس دَور کی چند دوسری تالیفات کے نام یہ ہیں:

انتخابِ حدیث، ص ۲۴

دوسری تالیفات

  • (۱) جامع سفیان ثوریؒ (ف ۱۶۱ھ)۔

  • (۲) جامع ابن المبارکؒ (ف ۱۸۱ھ)۔

  • (۳) جامع امام اوزاعیؒ (ف ۱۵۷ھ)۔

  • (۴) جامع ابنِ جریجؒ (ف ۱۵۰ھ)۔

  • (۵) کتابُ الخراج قاضی ابو یوسفؒ (ف ۱۸۲ھ)۔

    قاضی ابو یوسفؒ
  • (۶) کتابُ الآثار امام محمدؒ (ف ۱۸۹ھ)۔

اس دَور میں رسول اللہ ﷺ کی احادیث، آثارِ صحابہؓ اور فتاویٰ تابعینؒ کو ایک ہی مجموعہ میں مرتب کر لیا جاتا تھا لیکن ساتھ ہی یہ بھی وضاحت ہو جاتی تھی کہ یہ صحابی یا تابعی کا قول ہے یا حدیثِ رسول اللہ ﷺ۔

انتخابِ حدیث، ص ۲۴

تیسرا دَور

(دوسری صدی ہجری کے نصف آخر سے چوتھی صدی ہجری کے خاتمہ تک)

یہ دَور تقریباً دوسری صدی ہجری کے نصف آخر سے چوتھی صدی ہجری کے خاتمہ تک پھیلا ہوا ہے۔

خصوصیات

اِس دَور کی خصوصیات یہ ہیں:

  • ۱۔ احادیثِ نبویؐ کو آثارِ صحابہؓ اور اقوالِ تابعینؒ سے الگ کر کے مرتب کیا گیا۔

  • ۲۔ قابلِ اعتماد روایات کے علیحدہ مجموعے تیار کیے گئے اور اس طرح چھان بین اور تحقیق و تفتیش کے بعد دوسرے دَور کی تصانیف تیسرے دَور کی ضخیم کتابوں میں سما گئیں۔

  • ۳۔ اِس دَور میں نہ صرف یہ کہ روایات جمع کی گئیں بلکہ علمِ حدیث کی حفاظت کے لیے محدثین کرام نے سو سے زیادہ علوم کی بنیاد ڈالی۔ جن پر اب تک ہزاروں کتابیں لکھی جا چکی ہیں۔ شَکَرَ اللّٰہُ سَعْیَهُمْ وَجَزَاهُمْ عَنَّا اَحْسَنَ الْجَزَاءِ۔

انتخابِ حدیث، ص ۲۵

عُلومِ حدیث

مختصر طور پر چند علوم کا تعارُف یہاں کرایا جاتا ہے:

۱۔ علم اسماء الرّجال

اس علم میں راویوں کے حالات، پیدائش، وفات، اساتذہ، تلامذہ کی تفصیل، طلبِ علم کے لیے سفر اور ثقہ، غیر ثقہ ہونے کے بارے میں ماہرینِ علمِ حدیث کے فیصلے درج ہیں۔ یہ علم بہت ہی وسیع، مفید اور دل چسپ ہے۔ بعض متعصّب مستشرقین بھی یہ اعتراف کیے بغیر نہ رہ سکے کہ اس فن کی بدولت پانچ لاکھ راویوں کے حالات محفوظ ہو گئے۔ یہ وہ خصوصیت ہے جس میں مسلمان قوم کی نظیر ملنا ناممکن ہے۔ اس علم میں سیکڑوں کتابیں لکھی جا چکی ہیں۔ چند کے نام یہ ہیں: (الف) تہذیبُ الکمال۔ مؤلّفہ امام یوسف مزی (وفات ۷۴۲ھ) اس علم میں یہ سب سے زیادہ اہم اور مستند کتاب ہے۔ (ب) تہذیبُ التّہذیب۔ مؤلّفہ حافظ ابن حجرؒ شارح بخاری۔ یہ بارہ جلدوں میں ہے۔ حیدرآباد دکن سے شائع ہو چکی ہے۔ (ج) تذکرۃُ الحفّاظ۔ مرتّبہ: علامہ ذہبی (وفات ۷۴۸ھ)۔

  • حوالہ: مقدمۃ الاصابہ انگریزی شائع شدہ ۱۸۶۴ء از کلکتہ، مرتبہ مستشرق اسپرنگر۔
اس ویب سائٹ پر: شخصیات اور راوی

۲۔ علم مصطلح الحدیث (اُصولِ حدیث)

اس علم کی روشنی میں حدیث کی صحت و ضعف کے قواعد و ضوابط معلوم ہوتے ہیں۔ اس علم کی مشہور کتاب عُلوم الحدیث معروف بہ مقدمہ ابن الصّلاح ہے۔ مؤلّفہ ابو عمرو عثمان ابن الصلاح (وفات ۵۷۷ھ)۔ ماضی میں اُصولِ حدیث پر دو کتابیں شائع ہوئی ہیں: (الف) توجیہ النّظر: مؤلفہ علامہ طاہر بن صالح الجزائری (ف ۱۳۳۸ھ)۔ (ب) قواعد التّحدیث: مرتبہ علامہ سید جمال الدین قاسمی (ف ۱۳۳۲ھ)۔ اوّل الذکر وسعتِ معلومات اور آخر الذکر حسنِ ترتیب میں ممتاز ہیں۔

  • حوالہ: اس علم کی رو سے حدیث کی اقسام و اصطلاحات پر مختصر بحث باب اصطلاحاتِ حدیث ص ۳۵ تا ۳۷ پر ملاحظہ کریں۔
اصطلاحاتِ حدیث (اسی کتاب سے، ص ۳۵–۳۷)

۳۔ علم غریب الحدیث

اس علم میں احادیث کے مشکل الفاظ کی لغوی تحقیق کی گئی ہے۔ اس علم میں علامہ زمخشری (وفات ۵۳۸ھ) کی الفائق اور ابن الاثیر (ف ۶۰۶ھ) کی نہایہ مشہور ہیں۔

۴۔ علم تخریج الاحادیث

اس علم کے ذریعہ معلوم ہوتا ہے کہ مشہور کتبِ تفسیر، فقہ، تصوف و عقائد میں جو روایات درج ہیں ان کا اصل ماخذ اور سرچشمہ کیا ہے۔ مثلاً ہدایہ از برہان الدین علی بن ابی بکر المرغینانی (ف ۵۹۲ھ) اور احیاء العلوم (امام غزالیؒ۔ وفات ۵۰۵ھ)۔ میں بہت سی روایات بلا سند اور بلا حوالہ مذکور ہیں۔ اب اگر کسی کو یہ معلوم کرنا ہو کہ یہ روایات کس پایہ کی ہیں اور کون کون سی حدیث کی اہم کتابوں میں ان کا ذکر ہے۔ تو اوّل الذکر کے لیے حافظ زیلعیؒ (وفات ۷۶۲ھ) کی نصب الرایہ اور حافظ ابن حجر عسقلانیؒ (وفات ۸۵۲ھ) کی الدرایہ کی طرف رجوع کرنا چاہیے اور آخر الذکر کے لیے حافظ زین الدین عراقی (ف ۸۰۶ھ) کی تالیف المغنی عن حمل الاسفار موزوں رہے گی۔

۵۔ علم الاحادیث الموضوعہ

اس فن میں اہلِ علم نے مستقل کتابیں تصنیف کی ہیں اور موضوع (من گھڑت) روایات کو الگ چھانٹ دیا ہے۔ اس بارے میں قاضی شوکانیؒ (ف ۱۲۵۵ھ) کی الفوائد المجموعہ اور حافظ جلال الدین سیوطیؒ (ف ۹۱۱ھ) کی اللآلی المصنوعہ زیادہ نمایاں ہیں۔

«موضوع» کا مطلباس ویب سائٹ کی موضوع روایات (تحقیقی فہرست)

۶۔ علم الناسخ والمنسوخ

اس فن میں امام محمدؒ بن موسیٰ حازمی (ف ۵۸۴ھ، بعمر ۳۵ سال) کی تصنیف کتابُ الاعتبار زیادہ مستند اور مشہور ہے۔

۷۔ علم التوفیق بین الاحادیث

اس علم میں ان روایات کی صحیح توجیہ بیان کی گئی ہے جن میں بظاہر تعارض اور ٹکراؤ معلوم ہوتا ہے۔ سب سے پہلے امام شافعیؒ (ف ۲۰۴ھ) نے اس موضوع پر گفتگو کی ہے۔ ان کا رسالہ مختلف الحدیث کے نام سے مشہور ہے۔ امام طحاویؒ (ف ۳۲۱ھ) کی مشکل الآثار بھی اس فن کی مفید کتاب ہے۔

۸۔ علم المختلف والمؤتلف

اس علم میں خاص طور پر ان راویوں کا ذکر کیا گیا ہے جن کے اپنے نام، کنیت، لقب، آباؤ اجداد کے نام یا اساتذہ کے نام ملتے جلتے ہیں، اور اس اشتباہ کی بنا پر ایک ناواقف انسان مغالطہ میں مبتلا ہو سکتا ہے۔ اس فن میں حافظ ابن حجرؒ کی تبصیر المُنتبہ زیادہ جامع کتاب ہے۔

۹۔ علمِ اطراف الحدیث

اس علم کے ذریعہ معلوم ہو سکتا ہے کہ فلاں روایت کس کتاب میں ہے اور اس کے راوی کون کون سے ہیں۔ مثلاً آپ کو انّما الاعمال بالنّیات حدیث کا ایک جملہ یاد ہے۔ آپ چاہتے ہیں کہ اس کے تمام ماخذ، روایت کے پورے الفاظ اور راوی معلوم ہو جائیں تو آپ کو اس علم کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔ اس عنوان پر حافظ مزیؒ (ف ۷۴۲ھ) کی کتاب تحفۃ الاشراف زیادہ مفصل ہے۔ اس میں صحاحِ ستّہ کی روایات کی پوری فہرست آ گئی ہے۔ اس کتاب کی ترتیب میں حافظ یوسف مزیؒ کے ۲۶ سال صَرف ہوئے ہیں۔ انتہائی محنتِ شاقہ کے بعد یہ کتاب مکمل ہوئی ہے۔ آج کے مستشرقین نے ایسی ہی کتابوں سے خوشہ چینی کر کے ذرا نئے ڈھب سے احادیث کی فہرست مرتب کی ہے۔ مثلاً مفتاح کنوز السنّۃ انگریزی میں شائع ہوئی تھی جس کا عربی میں ترجمہ ۱۹۳۴ء میں مصر سے شائع ہوا ہے اور اب ایک وسیع فہرست المعجم المفہرس کے نام سے زیرِ ترتیب ہے جس کے بیس اجزا شائع ہو چکے ہیں۔

«انّما الاعمال بالنّیات» — صحیح بخاری ۱

۱۰۔ فقہ الحدیث

اس علم میں احکام پر مشتمل احادیث کے اسرار اور حکمتیں بے نقاب کی گئی ہیں۔ اس موضوع پر حافظ ابن قیمؒ (ف ۷۵۱ھ) کی کتاب اِعلامُ الموقعین اور شاہ ولی اللہ صاحبؒ کی حُجّۃ اللہ البالغہ سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ ان کے علاوہ اہلِ علم نے زندگی کے مختلف مسائل پر الگ الگ تصانیف بھی مرتب کی ہیں۔ مثلاً مالی معاملات میں ابو عبید قاسم بن سلامؒ (ف ۲۲۴ھ) کی تالیف کتابُ الاموال مشہور ہے۔ اور زمین کے مسائل عشر، خراج وغیرہ پر قاضی ابو یوسفؒ کی کتاب الخراج بہترین تصنیف ہے۔

ابن قیمؒشاہ ولی اللہؒ

انتخابِ حدیث، ص ۲۵–۲۹

سُنّت کی حجیت پر مطالعہ

نیز سُنّت کے ماخذِ شریعت ہونے اور منکرینِ حدیث کی پھیلائی ہوئی غلط فہمیوں کا پردہ چاک کرنے کے لیے مندرجہ ذیل تصنیفات کا مطالعہ مفید ہو سکتا ہے:

  • (۱) کتابُ الاُم جلد ۷۔

  • (۲) الرّسالہ امام شافعیؒ۔

  • (۳) الموافقات جلد چہارم، مؤلفہ ابو اسحاق شاطبی (ف ۷۹۰ھ)۔

  • (۴) صواعق مرسلہ جلد ۲، ابن قیمؒ۔

  • (۵) الاحکام لابن حزم الاندلسی (ف ۴۵۶ھ)۔

  • (۶) مقدمہ ترجمان السُّنّہ اردو۔ از مولانا بدرِ عالم میرٹھی۔

  • (۷) اثباتُ الخبر مؤلفہ والدِ محترم مولانا حافظ عبدالستار حسن عمرپوری (وفات ۱۹۱۶ء مطابق ۱۳۳۴ھ بعمر ۳۴ سال)،

    • حوالہ: جدِ امجد مولانا حافظ عبدالجبار محدث عمرپوری (ف ۱۹۱۶ء، مطابق ۱۳۳۴ھ) کے زمانے ہی میں مولوی عبداللہ چکڑالوی کے فتنۂ انکارِ حدیث نے سر اٹھایا تھا۔ جدِ محترم نے بھی اسی زمانے میں اپنے ماہنامہ ”ضیاء السنّہ“ میں اس کے رد میں مفید اور مدلل مقالات کا سلسلہ شروع کیا تھا۔
  • (۸) سُنّت کی آئینی حیثیت، مرتبہ مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ،

    لائبریری میں پڑھیں
  • (۹) نیز انکارِ حدیث کا منظر اور پس منظر کے نام سے جناب افتخار احمد بلخی کی تصنیف بھی دل چسپ اور معلومات افزا ہے۔ اب تک اس کے دو حصے شائع ہو چکے ہیں۔

کچھ عرصہ قبل علامہ مصطفیٰ سباعی نے احادیث کے حجت ہونے پر رسالہ المسلمون (دمشق) میں نہایت ہی مفید سلسلہ مضامین شائع کیا تھا جس کا اُردو ترجمہ محترم رفیق ملک غلام علی صاحب نے کیا ہے۔ سُنّتِ رسولؐ کے نام سے یہ کتابچہ شائع ہو چکا ہے۔

تاریخ علمِ حدیث اور متعلقہ مباحث پر مندرجہ ذیل تصانیف اپنے اندر جامعیت اور افادیت کا پہلو رکھتی ہیں۔ مقدمہ فتح الباری، حافظ ابن حجرؒ۔ جامع بیان العلم واہلہ، حافظ ابن عبدالبر اندلسیؒ (ف ۴۶۳ھ)، معرفتِ علوم الحدیث، امام حاکم (ف ۴۰۵ھ)، مقدمہ تحفۃ الاحوذی، مؤلفہ مولانا عبدالرحمٰن صاحب محدث مبارک پوری ف ۱۳۵۳ھ مطابق ۱۹۳۵ء۔ ماضی کی تصانیف میں یہ کتاب اپنی جامعیت اور افادیت کے لحاظ سے ایک شاہ کار ہے۔ اسی طرح مقدمہ فتح الملہم مرتبہ مولانا شبیر احمد عثمانیؒ اور اُردو میں تدوینِ حدیث مرتبہ مولانا مناظر احسن گیلانی مرحوم، وسیع معلومات کا گنجینہ ہیں۔

انتخابِ حدیث، ص ۲۸–۲۹

تیسرے دَور کے جامعینِ حدیث

اِس دَور کے ممتاز اور مشہور جامعینِ حدیث اور مستند تالیفات کا تعارُف ذیل میں کرایا جاتا ہے۔

(۱) امام احمد بن حنبلؒ (ولادت ۱۶۴ھ وفات ۲۴۱ھ)

آپ کی اہم تالیف مسند احمدؒ کے نام سے مشہور ہے۔ یہ تیس ہزار روایات پر مشتمل ہے، اس کی چوبیس جلدیں ہیں۔ قابلِ ذکر احادیث سب اس میں آ گئی ہیں۔ اس میں عنوان کے لحاظ سے ترتیب کے بجائے ہر صحابی کی تمام روایات یک جا مرتب کر دی گئی ہیں۔ اس کتاب کی تبویب یعنی عنوان وار ترتیب حسن البنّا شہیدؒ کے والدِ محترم احمد عبدالرحمٰن ساعاتیؒ نے شروع کی تھی۔ اس وقت تک ۱۴ جلدیں شائع ہو چکی ہیں۔ مصر کے مشہور عالم احمد شاکر صاحب بھی اس سلسلہ میں کام کر رہے ہیں۔ اب تک ۱۵ کے قریب اجزا مرتب ہو چکے ہیں۔

امام احمدؒ

(۲) امام محمد بن اسماعیل البخاریؒ (ولادت ۱۹۴ھ، وفات ۲۵۶ھ)

آپ کی تاریخ ولادت ”صدق“ اور تاریخ وفات ”نور“ نکلتی ہے۔ امام بخاریؒ کی تصانیف میں سے سب سے زیادہ اہم اور مستند کتاب صحیح بخاری ہے، جس کا پورا نام یہ ہے: ”الجامع الصحیح المسند المختصر من امور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم وایامہ۔“ اس کتاب کی تالیف میں سولہ سال صرف ہوئے۔ آپ سے براہِ راست صحیح بخاری پڑھنے والے تلامذہ کی تعداد نوّے ہزار تک پہنچتی ہے۔ بعض دفعہ ایک ہی مجلس میں حاضرین کی تعداد تیس ہزار تک پہنچ جایا کرتی تھی۔ اس قسم کے اجتماعات میں اِملا کرانے والوں کا شمار ۳۰۰ سے متجاوز ہو جاتا تھا۔ کل تعداد احادیث ۹۶۸۴ ہے۔ اگر مکرر روایات اور تعلیقات (بے سند روایات) شواہد (آثارِ صحابہؓ) اور مرسل احادیث کو حذف کر دیا جائے تو مرفوع روایات کی تعداد ۲۶۲۳ بنتی ہے۔ امام بخاریؒ نے دوسرے محدثین کی بہ نسبت راویوں کے پرکھنے کا معیار زیادہ بلند رکھا ہے۔

صحیح بخاری پڑھیںامام بخاریؒ

(۳) امام مسلم ابن حجاج قشیریؒ (ولادت ۲۰۲ھ وفات ۲۶۱ھ)

امام بخاریؒ، امام احمد بن حنبلؒ ان کے اساتذہ میں شامل ہیں اور امام ترمذیؒ، ابو حاتم رازیؒ، ابوبکر بن خزیمہؒ کا شمار ان کے تلامذہ میں ہوتا ہے۔ ان کی کتاب صحیح مسلم حسنِ ترتیب کے لحاظ سے زیادہ ممتاز مانی جاتی ہے۔

صحیح مسلم پڑھیںامام مسلمؒ

(۴) امام ابوداؤد اشعث بن سلیمان سجستانیؒ (ولادت ۲۰۲ھ وفات ۲۷۵ھ)

ان کی اہم تالیف سنن ابو داؤد کے نام سے مشہور ہے۔ اس میں زیادہ تر احکام پر مشتمل روایات کو پوری جامعیت کے ساتھ یک جا کر دیا گیا ہے۔ فقہی اور قانونی مسائل کا یہ بہترین ماخذ ہے۔ یہ چار ہزار آٹھ سو احادیث پر مشتمل ہے۔

سنن ابو داؤد پڑھیںامام ابوداؤدؒ

مُسند احمد کے علاوہ ان چھے کتابوں کو محدثین کی اصطلاح میں صحاحِ ستّہ کہا جاتا ہے۔ بعض اہلِ علم نے بجائے ابن ماجہ کے مؤطا امام مالکؒ کو صحاحِ ستّہ میں شمار کیا ہے۔

ان کے علاوہ اس دَور میں اور بھی بہت سی مفید اور جامع تالیفات شائع ہوئی ہیں جن کی تفصیل کی یہاں گنجائش نہیں ہے۔ بخاری، مسلم، ترمذی جامع کہلاتی ہیں۔ یعنی عقائد، عبادات، اَخلاق، معاملات وغیرہ تمام عنوانات پر ان میں احادیث موجود ہیں اور ابوداؤد، نسائی، ابن ماجہ سنن کہلاتی ہیں۔ یعنی ان میں زیادہ تر عملی زندگی سے متعلق روایات درج ہیں۔

انتخابِ حدیث، ص ۲۹–۳۱

طبقاتِ کتبِ حدیث

محدثین نے روایات کی صحت و قوت کے لحاظ سے تمام کتبِ حدیث کو چار طبقات پر تقسیم کیا ہے۔

  • (۱) طبقۂ اوّل

    مؤطا امام مالک، صحیح بخاری، صحیح مسلم۔ یہ تینوں کتابیں صحتِ سند اور راویوں کی ثقاہت کے اعتبار سے اعلیٰ مقام رکھتی ہیں۔

    صحیح بخاریصحیح مسلم
  • (۲) طبقۂ دوم

    ابوداؤد، ترمذی، نسائی۔ ان کتابوں کے بعض راوی ثقاہت کے اعتبار سے طبقۂ اوّل سے فروتر ہیں۔ لیکن انھیں بہرحال قابلِ اعتماد مانا جاتا ہے۔ مسند احمد کا شمار بھی اسی طبقہ میں ہوتا ہے۔

    سنن ابو داؤدجامع ترمذیسنن نسائی
  • (۳) طبقۂ سوم

    دارمی (ف ۲۲۵ھ)، ابن ماجہ، بیہقی، دارقطنی (ف ۳۸۵ھ) کتب طبرانی (ف ۳۶۰ھ) تصانیفِ طحاوی (ف ۳۲۱ھ)، مُسند امام شافعیؒ، مستدرک حاکم (ف ۴۰۵ھ)۔ ان کتابوں میں صحیح، ضعیف ہر قسم کی روایات موجود ہیں۔ لیکن قابلِ اعتماد روایات کا عنصر غالب ہے۔

    سنن ابن ماجہ
  • (۴) طبقۂ چہارم

    تصانیف ابنِ جریر طبری (ف ۳۱۰ھ)۔ کتب خطیب بغدادی (ف ۴۶۳ھ)، ابو نعیم (ف ۴۰۳ھ)، ابنِ عساکر (ف ۵۷۱ھ)۔ دیلمی صاحبِ فردوس (ف ۵۰۹ھ) کامل، ابن عدی (ف ۳۶۵ھ)، تالیفات ابن مردویہ (ف ۴۱۰ھ)، واقدی (ف ۲۰۷ھ)۔ اور اسی نوع کے دوسرے مصنّفین کی کتابیں اسی طبقہ میں شمار ہوتی ہیں۔ یہ تالیفات رطب و یابس کا مجموعہ ہیں، موضوع (من گھڑت) روایات تک بھی ان میں بکثرت موجود ہیں، زیادہ تر عام واعظین، مؤرخین اور اصحابِ تصوف کا سہارا یہی کتابیں ہیں، لیکن اگر چھان بین سے کام لیا جائے تو ان تالیفات میں سے بھی بیش بہا جواہر ریزے نکالے جا سکتے ہیں۔

انتخابِ حدیث، ص ۳۱–۳۲

چوتھا دَور

(پانچویں صدی ہجری سے اب تک)

تقریباً پانچویں صدی ہجری سے شروع ہوتا ہے اور اس کا سلسلہ اب تک جاری ہے۔

اس دَور میں کام کی نوعیت

اس عرصہ میں تیسرے دَور کا اندازِ تدوین اختتام کو پہنچ گیا تھا۔ اس طویل مُدّت میں جو کام ہوا ہے اس کی تفصیل یہ ہے:

  • (۱) حدیث کی اہم کتابوں کی شرحیں، حواشی اور دوسری زبانوں میں تراجم لکھے گئے۔

  • (۲) جن علومِ حدیث کا ذکر اُوپر آیا ہے۔ ان پر بہت سی تصانیف اسی دَور میں وجود میں آئی ہیں اور ان کی شرحیں اور خلاصے لکھے گئے ہیں۔

  • (۳) اہلِ علم نے اپنے ذوق یا ضرورت کے مطابق تیسرے دَور کی تالیفات سے احادیث منتخب کر کے مفید کتابیں مرتب کی ہیں۔ ان میں سے چند کے نام یہ ہیں:

انتخابِ حدیث، ص ۳۲–۳۳

منتخب احادیث کے مجموعے

(الف) مشکوٰۃ المصابیح

مؤلّفہ ولی الدین خطیبؒ۔ اس میں عقائد، عبادات، معاملات، اَخلاق، آداب اور حشر و نشر سے متعلق روایات جمع کر دی گئی ہیں۔

(ب) ریاض الصّالحین

مرتبہ امام ابو زکریا یحییٰ بن شرف نوویؒ شارح مسلم (وفات ۶۷۶ھ)۔ یہ زیادہ تر اَخلاق و آداب پر مشتمل احادیث کا انتخاب ہے۔ ہر باب کے شروع میں عنوان کے مطابق قرآنی آیات بھی ذکر کی گئی ہیں۔ یہ اس کتاب کی اہم خصوصیت ہے۔ صحیح بخاری کا بھی اندازِ تالیف و ترتیب یہی ہے۔

امام نوویؒ

(۴) منتقی الاخبار

مؤلّفہ مجد الدین ابو البرکات عبدالسلام بن تیمیہؒ۔ (وفات ۶۵۲ھ)۔ یہ مشہور شیخ الاسلام تقی الدین احمد بن تیمیہؒ (وفات ۷۲۸ھ) کے جدِّ امجد ہیں۔ اس کتاب کی شرح آٹھ جلدوں میں قاضی شوکانیؒ نے نیل الاوطار کے نام سے مرتب کی ہے۔

(۵) بلوغ المرام

مرتبہ حافظ ابنِ حجرؒ۔ شارح بخاری (وفات ۸۵۲ھ)۔ اس میں زیادہ تر عبادات اور معاملات سے متعلق احادیث جمع کی گئی ہیں۔ اس کی شرح سُبل السّلام عربی میں محمد بن اسماعیل صنعانیؒ (وفات ۱۱۸۲ھ) کے قلم سے شائع ہوئی ہے اور دوسری مسک الختام کے نام سے فارسی میں نواب صدیق الحسن خانؒ (ف ۱۳۰۷ھ) نے ترتیب دی ہے۔ ان میں سے اکثر کے تراجم عرصہ ہوا اُردو میں شائع ہو چکے ہیں۔

ابن حجرؒ

انتخابِ حدیث، ص ۳۳

غیر منقسم ہندوستان میں علمِ حدیث

غیر منقسم ہندوستان میں سب سے پہلے شیخ عبدالحق محدث دہلویؒ بن سیف الدین ترک (وفات ۱۰۵۲ھ) نے علمِ حدیث کی شمع روشن کی۔ اس کے بعد حضرت شاہ ولی اللہؒ (وفات ۱۱۷۶ھ) اور ان کی اولاد، احفاد اور ارشد تلامذہ کی جاں فشانیوں اور جگر کاریوں سے اس ملک کی سرزمین نُورِ سُنّت سے جگ مگا اُٹھی۔ واشرقت الارض بنور ربّہا۔

شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کے بعد سے اس ملک میں تراجم، شروح اور منتخب احادیث کے مجموعوں کی ترتیب و اشاعت کا مقدس مشغلہ اب تک جاری ہے۔ یہ تالیف ”انتخابِ حدیث“ بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔

شاہ ولی اللہؒشاہ عبدالعزیزؒ

انتخابِ حدیث، ص ۳۳–۳۴

اختتامیہ

یہ خدا کا انعام ہے کہ اس مجموعہ کے مرتب کو بھی خادمینِ حدیث سے تشبُّہ کی سعادت حاصل ہو رہی ہے، ورنہ کہاں یہ ناچیز اور کہاں وہ بزرگ ہستیاں جنھوں نے حدیثِ رسول ﷺ کی تدوین و تبلیغ کے لیے اپنی زندگیاں وقف کر دی تھیں۔

احبّ الصالحین ولست منهم — لعل اللّٰه یرزقنی صلاحا

اس پوری تفصیل کے مطالعہ سے یہ اندازہ ہو سکتا ہے کہ عہدِ نبویؐ سے لے کر اب تک کوئی دَور بھی ایسا نہیں گزرا ہے جس میں حدیث کے لکھنے اور روایت کرنے کا سلسلہ منقطع ہو گیا ہو۔ یہ وہ سلسلۂ علم ہے جس کا دن بھی روشن ہے اور جس کی رات کا دامن بھی درخشانیوں اور تابناکیوں سے بھرپور ہے۔ لیلها کنهارها۔

حضرت محمد ﷺ اور موجودہ دَور کے طالبینِ حدیث کے درمیان اساتذہ کے ۲۳ یا ۲۴ واسطے ہیں۔

عاجز، عبدُالغفّار حسن عُمرپُوری
۱۶ ربیع الثانی ۱۳۷۶ھ، مطابق ۲۰ نومبر ۱۹۵۶ء

انتخابِ حدیث، ص ۳۴

اسی کتاب سے: اصطلاحاتِ حدیث — صحیح، حسن، ضعیف، موضوع، سند، مرفوع… آسان الفاظ میں۔