ہدایات
سید ابو الاعلیٰ مودودی رحمہ اللہ · اردو
کتابِ ہدایات میں مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی نے ایک جماعتی اور انفرادی اصلاحِ زندگی کے لیے عملی اور نظریاتی رہنمائی پیش کی ہے۔ آغازِ کتاب میں خطبہ مسنونہ کے بعد شرکت کنندگان کو رخصت کرتے ہوئے مولانا مودودی بنیادی ہدایتیں دیتے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ یہ تحریر ان ضروری ہدایات کا مجموعہ ہے جو جماعتی کام کو صحیح راستے پر گامزن رکھنے کے لیے درکار ہیں۔ مجموعی موضوع ایک سلیقہ وار دعوتِ اسلامی کا خاکہ ہے جس میں تعلقِ باللہ کو اولین مقام دیا گیا ہے، پھر فکرِ آخرت، اخلاقی و عملی اصلاح، جماعتی نظم و اطاعت، تربیتِ افراد، خاندانی ذمہ داریاں، باہمی اصلاح کے آداب، اجتماعی تنقید کے اصول، اور مخالفین کے مقابلے میں جہادِ فکر و عمل کے طریق کار پر تفصیلی رہنمائی موجود ہے۔
1) مقالہ و حرکتِ کتاب اور اس کی ضرورت کتاب کا مرکزی مقالہ یہ ہے کہ اسلامی سعی و جہد صرف اس وقت کامیاب ہو سکتی ہے جب اس کا بنیادی محرک خالص تعلقِ الٰہی ہو۔ مولانا نے بتایا کہ جس مقصد کے لیے جماعت وجود میں آئی ہے وہ تعلقِ باللہ کے بل پر قائم ہو کر ہی کارآمد ثابت ہو گا۔ اس لیے پسِ منظر میں دعوتِ اسلامی کو ایک منظم، منضبط اور پرعزم جماعت میں تبدیل کرنے کی ضرورت بیان کی گئی ہے، تاکہ دنیاوی اور شیطانی قوتوں کے مقابلے میں دین کو نظامِ حیات کے طور پر نافذ کیا جا سکے۔
2) ابواب وار دلائل کی پیش رفت کتاب ابتدا میں تعلقِ باللہ کی اہمیت اور معنوں کی تشریح کرتی ہے۔
یہ متن Read Maududi سے حاصل کیا گیا ہے، اور مستقل رسائی کے لیے یہاں محفوظ کیا گیا ہے۔ اصل صفحہ ملاحظہ کریں ↗
دعوت کا مختصر کورس
اس کے بعد میں توسیع دعوت کے سلسلے میں آپ لوگوں کو کچھ مشورے دوں گا۔ اب ہماری دعوت کا ایک جامع اور مختصر کورس نکل آیا ہے جس سے آپ کام لے سکتے ہیں۔ اب تک تو جماعت کے کارکنوں کو یہ پریشانی پیش آتی تھی کہ ہمارا لٹریچر بہت پھیلا ہوا ہے اور سب لوگوں کو سارا لٹریچر پڑھوا دینا مشکل ہے۔ ان کے لیے یہ فیصلہ کرنا بھی دشوار تھا کہ لٹریچر میں سے کیا کچھ پڑھ لینے کے بعد ایک آدمی اس قابل ہو سکتا ہے کہ اسے جماعت میں لیا جا سکے۔ مگر اب یہ دشواری ہماری چند مطبوعات کے نکلنے سے رفع ہو گئی ہے۔ آپ جن لوگوں سے بھی جماعت کا تعارف کرائیں ان کو پہلے یہ چیزیں پڑھنے کے لیے دیں:
۱۔ جماعت اسلامی، اس کی دعوت، تاریخ اور لائحہ عمل۔
۲- دعوت اسلامی اور اس کے مطالبات۔
۳۔ جماعت اسلامی کی دعوت۔
۴- میری دونوں تقریریں جو میں نے ابھی کراچی کے اس اجتماع کا افتتاح اور اختتام کرتے ہوئے کی ہیں اور جو عنقریب تحریری صورت میں مرتب کر کے شائع کر دی جائیں گی [یہ دونوں تقریریں شائع ہو چکی ہیں اور ان کے نام یہ ہیں: ”ہمارے داخلی اور خارجی مسائل“ اور ”مسلمانوں کا ماضی و حال اور مستقبل کا لائحہ عمل“]۔
جب کوئی شخص یہ چیزیں پڑھ لے تو اس کے سامنے جماعت کا دستور پیش کر دیں۔ اور یہ اس کی مرضی پر چھوڑ دیں کہ چاہے تو رکنیت کی درخواست کرے یا محققین میں شامل ہو جائے۔
مگر جماعت کے ساتھ وابستہ ہو جانے کے بعد اسے پورا لٹریچر پڑھنے کا مشورہ ضرور دیجئے۔ اس کے بغیر اس کی ذہنیت اور سیرت اچھی طرح تیار نہ ہو سکے گی، اور زندگی کے مختلف مسائل و معاملات میں اسلامی نقطۂ نظر کو وہ ٹھیک ٹھیک سمجھنے کے قابل نہ ہو سکے گا۔ البتہ پورے لٹریچر کا مطالعہ جماعت میں داخل ہونے سے پہلے کر لینا ضروری نہیں ہے۔