خطبات
اشاعت: 1940ءسید ابو الاعلیٰ مودودی رحمہ اللہ · اردو
مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی کی کتاب "خطبات" ایک ایسی تصنیف ہے جو عام مسلمانوں—خاص طور پر دیہاتی پنجابی مخاطبین—کو دینِ حق کی روح سمجھانے کے لیے تحریر کی گئی۔ یہ خطباتِ جمعہ 1938ء میں دارُ الاسلام (نزد پٹھان کوٹ) میں قیام کے دوران مرتب کیے گئے، جہاں مولانا نے مقامی لوگوں کو سادہ اور عام فہم انداز میں دین کی بنیادیات سمجھانے کی کوشش کی۔ کتاب کا مرکزی مقصد صرف ظاہری عبادات یا رسمی اسلام تک محدود رہنے والے مسلمانوں کو حقیقی ایمان کی طرف بلانا ہے، جس میں معرفتِ الٰہی، قرآن کی ہدایت کی سمجھ، اور عملی زندگی میں اللہ کی فرماں برداری شامل ہے۔
کتاب کا آغاز دو دیباچوں سے ہوتا ہے: پہلا طبع اول (1940ء) کے موقع پر لکھا گیا، جس میں مولانا نے کتاب کے مقصد، مخاطبین کی نوعیت، اور زبان و انداز کی سادگی کی وضاحت کی ہے۔ دوسرا دیباچہ طبع ہشتم (1951ء کے بعد) میں شامل ہے، جس میں انہوں نے علماء کرام کی جانب سے کتاب پر لگائے گئے الزامات—خاص طور پر زکوٰۃ اور حج کے بارے میں بعض جملوں کو تنقید کا نشانہ بنانا—کا جواب دیا ہے۔ مولانا نے واضح کیا کہ ان کا مقصد "قانونی اسلام" (فقہی اور معاشرتی حیثیت) سے قانع ہونے والوں کو "حقیقی اسلام" کی طرف لانا ہے، جس میں اخلاص، اطاعت، اور فدائیت کی روح ہو۔
اس کے بعد کتاب سات ابواب میں ارکانِ اسلام کو ترتیب سے بیان کرتی ہے۔ باب اول "ایمان" کلمہ طیبہ کے معنی اور مسلمان و کافر کے حقیقی فرق کو واضح کرتا ہے؛ باب دوم "اسلام" خدا کی اطاعت اور دین و شریعت کے تعلق کو بیان کرتا ہے؛ باب سوم "نماز" عبادت کی روح، نماز باجماعت کی اہمیت اور نمازیں بے اثر ہو جانے کے اسباب پر گفتگو کرتا ہے؛ باب چہارم "روزہ" اور باب پنجم "زکوٰۃ" ان دونوں فرائض کے اصل مقصد اور اجتماعی زندگی میں ان کے مقام کو واضح کرتے ہیں؛ باب ششم "حج" اس کی تاریخ، فوائد اور عالمگیر اجتماع کی حیثیت کو اجاگر کرتا ہے؛ اور باب ہفتم "جہاد" اسلام کے حقیقی مقصود پر روشنی ڈال کر کتاب کے مرکزی موضوعات کو مکمل کرتا ہے۔ آخر میں دو ضمیمے شامل ہیں جن میں مولانا کے اصل خطبہ جمعہ کے تراجم (خطبۂ اولیٰ و ثانیہ) پیش کیے گئے ہیں تاکہ قارئین ان بنیادی مباحث کا عملی اطلاق حقیقی خطبات کی صورت میں دیکھ سکیں۔
یہ متن Read Maududi سے حاصل کیا گیا ہے، اور مستقل رسائی کے لیے یہاں محفوظ کیا گیا ہے۔ اصل صفحہ ملاحظہ کریں ↗
دوسرا خطبہ:(ترجمہ)
تعریف اللہ ہی کے لیے ہے جو کائنات کا رب ہے۔ رسولِ امین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر درود و سلام ہو۔
امابعد! اے اہل اسلام! میں اللہ تعالیٰ سے شیطان ملعون کے شر سے پناہ مانگتا ہوں اور اللہ کے ہی بابرکت نام سے شروع کر رہا ہوں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا ہے کہ:
بے شک اللہ اور اس کے فرشتے نبیؐ پر درود اور سلام بھیجتے ہیں۔ اے اہل ایمان تم بھی اُن پر درود اور سلام بھیجو۔
اے اللہ! ہمارے راہبر اور سردارحضرت محمدؐ پر اتنی تعداد میں درود و سلام بھیجیو، جتنی تعداد نماز پڑھنے اور روزہ رکھنے والوں کی ہے۔ اے اللہ! حضرت محمدؐپر تمام بیٹھنے اور کھڑے ہونے والے لوگوں کی تعداد کے برابر درود و سلام بھیجیو ۔اے اللہ! تمام انبیاء اور رسولوں پر درود بھیجیو۔
تمام صحابہ، تابعین اور اپنے نیک بندوں پر بھی۔
اے اللہ اسلام اور مسلمانوں کی مدد فرما۔ اے اللہ! اس شخص کی مدد فرما جس نے دینِ محمدؐکی مدد کی اور ہمیں بھی انھی لوگوں میں شامل کر دیجیے۔ اور( اے اللہ!) اس شخص کو ذلیل و رسوا کر دیجیے جس نے دین محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو رسوا کرنے کی کوشش کی اور ہمیں ایسے لوگوں سے بچانا۔
اے اللہ! ہمیں حق کو حق کر دکھادے، اس کی پیروی کی توفیق بھی دے۔ اور ہمیں باطل کو بھی باطل ہی دکھا اور اس سے ہمیںبچائے رکھنا۔
اے اللہ! ہمیں اسلام پر ثابت قدمی عطا فرما۔ ہمارے دلوں کو ایمان کے نُور سے روشن کر دے۔ پروردگار! تمام مومن مردوں اور عورتوں خواہ زندہ ہوں خواہ مردہ سب کو بخش دے۔
اے اللہ کے بندو! اللہ تم پر بھی رحم فرمائے۔ (یاد رکھو کہ!) اللہ تعالیٰ نے عدل و احسان اوررشتہ داروں کے حقوق ادا کرنے، برائی اور بے حیائی اور نافرمانی سے منع فرمایا ہے۔ وہ تمھیں نصیحت کرتا ہے کہ تم نصیحت حاصل کرلو۔ اللہ کو یاد کرو، وہ تمھیں یاد کرے گا، اسی سے حاجتیں مانگو، وہ تمھاری حاجتیں پوری کرے گا۔
اوراللہ کا ذکر بلند ہے، اعلیٰ ہے، افضل ہے اور اللہ کی ذات عزت والی، شان والی اور کبریائی والی ہے۔