مرکزی مواد پر جائیں
تمام کتابوں کی طرف واپس

اخلاقیات اجتماعیہ اور اس کا فلسفہ

ماہنامہ شمارہ

سید ابو الاعلیٰ مودودی رحمہ اللہ · اردو

یہ مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی کا وہ طویل علمی مقالہ ہے جو انہوں نے محض بائیس تئیس برس کی عمر میں ۱۹۲۳ء-۱۹۲۴ء کے دوران تحریر کیا تھا اور جس میں وہ خالص عقلی و فلسفیانہ اسلوب میں فرد اور جماعت کے باہمی تعلق، اجتماعی اخلاق کی بنیادوں اور مغربی مفکرینِ عمرانیات (روسو، ہیگل، مارکس، اسپنسر، ارسطو، افلاطون وغیرہ) کے نظریات کا تنقیدی جائزہ لیتے ہیں۔

مقالہ اس سوال سے آغاز کرتا ہے کہ زندگی کا حقیقی مقصود فرد ہے یا جماعت، اور اسی سے حیات کے "یک جہانی" اور "دو جہانی" تصورات کا فرق واضح کرتا ہے۔ اس کے بعد اخلاقیات کے موضوع، اخلاق کی غایت، انانیت و اخوانیت کے توازن، رواقیوں کے مذہب اور مسیحیت کے فلسفۂ اخلاق پر تنقید، اور اخلاقیات و سیاسیات کے باہمی ربط پر بحث کرتے ہوئے مصنف ایک عادلانہ نظامِ اخلاق اور جماعت کی عادلانہ تنظیم کا خاکہ پیش کرتے ہیں۔ اس نظام کی بنیاد پانچ بنیادی حقوق پر رکھی گئی ہے—زندگی، آزادی، ملکیت، معاہدہ اور تعلیم کا حق—جن کے مقابل سات اخلاقی فرائض (احترامِ حیات، آزادیِ دیگراں، سیرت، ملکیت، آئین، صداقت اور ترقی) تجویز کیے گئے ہیں۔

یہ مقالہ اصلاً فروری ۱۹۲۵ء سے ماہنامہ "ہمایوں" لاہور میں قسط وار شائع ہوا تھا اور برسوں گم نامی میں رہنے کے بعد غالب لائبریری کراچی کے پرانے شماروں سے دوبارہ دریافت کرکے ۱۹۸۰ء میں پہلی بار کتابی صورت میں مرتب کیا گیا۔

یہ متن Read Maududi سے حاصل کیا گیا ہے، اور مستقل رسائی کے لیے یہاں محفوظ کیا گیا ہے۔ اصل صفحہ ملاحظہ کریں ↗

مباحث گزشتہ پر ایک نظر

مندرجہ بالا احکام و فرائض کو ہم نے ترتیب و تنظیم کے ساتھ پیش نہیں کیا ہے، اور نہ یہ بتایا ہے کہ ان میں باہم کیا تعلق ہے، یہ کچھ ہماری کوتاہی نہیں، بلکہ درحقیقت ان کا کوئی کامل نظام ہی نہیں بن سکتا اور نہ یہ تعیین ہو سکتی ہے کہ تعلق کے لحاظ سے کون مقدم ہے اور کون مؤخر۔ اجتماعی زندگی اور اس کے ارتقاء کے لیے یہ سب لوازم ہیں کوئی فرض ایسا نہیں جو ضروری نہ ہو یا جس کی اہمیت کسی دوسرے فرض سے کم ہو۔ جو اہمیت احترام سیرت کی ہے وہی اہمیت احترام ملکیت کی بھی ہے اور اجتماعی زندگی کے لیے جس طرح حق حیات ضروری ہے اسی طرح حق حریت بھی ضروری ہے۔ یہی حال ان کے باہمی تعلق کا ہے۔ ہر حق اور ہر فرض دوسرے حق اور فرض سے اس طرح متعلق ہے جس طرح نظام شمسی کے ستارے ایک دوسرے کے ساتھ وابستہ ہیں۔ اور یہ فرائض و حقوق حیات اجتماعی کے گرد اسی طرح گردش کرتے ہیں جس طرح تمام ستارے آفتاب کے گرد گھومتے رہتے ہیں۔