یعنی اللہ کے علم سے اور اس کی گرفت سے کوئی چیز بچ نہیں سکتی ۔ چٹان کے اندر ایک دانہ تمہارے لیے مخفی ہو سکتا ہے ، مگر اُس کے لیے عیاں ہے ۔ آسمانوں میں کوئی ذرہ تم سے بعید ترین ہو سکتا ہے ،مگر اللہ کے لیے وہ بہت قریب ہے ۔ زمین کی تہوں میں پڑی ہوئی کوئی چیز تمہارے لیے سخت تاریکی میں ہے مگر اس کے لیے بالکل روشنی میں ہے ۔ لہٰذا تم کہیں کسی حال میں بھی نیکی یا بدی کا کوئی کام ایسا نہیں کر سکتے جو اللہ سے مخفی رہ جائے ۔وہ نہ صرف یہ کہ اس سے واقف ہے ، بلکہ جب محا سبہ کا وقت آئے گا تو وہ تمہاری ایک ایک حرکت کا ریکارڈ سامنے لا کر رکھ دے گا۔ |