اس رکوع کو چھاپیں

سورة البینة حاشیہ نمبر۵

لغت کے اعتبار سے تو صحیفوں کے معنی ہیں ”لکھے ہوئے“، لیکن قرآن مجید میں اصطلاحًا یہ لفظ انبیاء  علیہم السلام پر نازل ہونے والی کتابوں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اور پاک صحیفوں سے مراد ہیں ایسے صحیفے جن میں کسی قسم کے باطل، کسی طرح کی گمراہی و ضلالت، اور کسی اخلاقی گندگی کی آمیزش نہ ہو۔ اِن الفاظ  کی پوری اہمیت اُس وقت واضح ہو تی ہے جب انسان قرآن مجید کے مقابلے میں بائیبل (اور دوسرے مذاہب کی کتابوں کا بھی) مطالعہ کرتا ہے اور ان میں صحیح باتوں کے ساتھ ایسی باتیں لکھی ہوئی  دیکھتا ہے جو حق و صداقت اور عقلِ سلیم کے بھی خلاف ہیں اور اخلاقی اعتبار سے بھی بہت گِری ہوئی ہیں۔ اُن کو پڑھنے کے بعد جب آدمی قرآن  کو دیکھتا ہے تو اسے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ کتنی پاک اور مطہَّر کتا ب ہے۔