اس رکوع کو چھاپیں

سورة الملک حاشیہ نمبر۱

تَبَا رَکَ برکت سے مبالغہ کا صیغہ ہے ۔ برکت میں رفعت و عظمت ، افزائش اور فراوانی ، دوام و ثبات اور کثرتِ خیرات و حَسَنات کے مفہومات شامل ہیں۔ اس سے جب مبالغہ کا صیغہ تَبَارَکَ بنایا جائے تو اس کے معنی یہ ہوتے ہیں کہ وہ بے انتہا بزرگ و عظیم ہے ، اپنی ذات وصفات و افعال میں اپنے سوا ہر ایک سے بالا تر ہے، بے حد وحساب بھلائیوں کا فیضان اُس کی ذات سے ہو رہا ہے ، اور اُس کے کمالا ت لازوال ہیں(مزید تشریح کے لیے ملاحظہ ہو تفہیم القرآن ، جلد دوم، الاعراف، حاشیہ ۴۳۔جلد سوم، المومنون،حاشیہ۱۴۔ الفرقان، حواشی۱،۹)