اس رکوع کو چھاپیں

سورۃ التغابن حاشیہ نمبر۱۹

اجتماع کے دن سے مراد قیامت، اور سب کو اکٹھا کرنے سے مراد ہے تمام ان انسانوں کو بیک وقت زندہ کر کے جمع کرنا جو ابتدائے آفرینش سے قیامت تک دنیا میں پیدا ہوئے ہوں۔ یہ مضمون قرآن مجید میں جگہ جگہ کھول کر بیان کیا گیا ہے۔ مثلاً سورہ ہود میں فرمایا ذٰلِکَ یَوْمٌ مَّجْمُوْ عٌ  لَّہُ النَّاسْ وَذٰلِکَ یَوْمٌ مَّشْہُوْدٌ، ’’ وہ ایک ایسا دن ہو گا جس میں سب انسان جمع ہوں گے اور پھر جو کچھ بھی اس روز ہو گا سب کی آنکھوں کے سامنے ہو گا‘‘(آیت 103)۔ اور سورہ واقعہ میں فرمایا : قُلْ اِنَّ الْاَ وَّ لِیْنَ وَ الْاٰخِرِیْنَ لَمَجْمُوْعُوْنَ اِلیٰ مِیْقَا تِ یَوْمٍ مَّعْلُوْمٍ، ’’ ان سے کہو کہ تمام پہلے گزر ے ہوئے اور بعد میں آنے والے لوگ یقیناً  ایک مقرر دن کے وقت جمع کیے جانے والے ہیں ‘‘ (آیت 50)۔