اس رکوع کو چھاپیں

سورة الصفت حاشیہ نمبر٦

یعنی عالَم بالا محض خلا ہی نہیں ہے کہ جس کا جی چاہے اس میں نفوذ کر جائے ، بلکہ اس کی بندش ایسی مضبوط ہے ، اور اس کے مختلف خطّے ایسی مستحکم سرحدوں سے محصور کیے گئے ہیں کہ کسی شیطان سرکش کا ان حدوں سے گزر جانا ممکن نہیں ہے ۔ کائنات کے ہر تارے اور ہر سیّارے کا اپنا ایک دائرہ اور کُرہ (Sphere)ہے جس کے اندر سے کسی کا نکلتا بھی سخت دشوار ہے اور جس میں باہر سے کسی کا داخل ہونا بھی آسان نہیں ہے ۔ ظاہری آنکھ سے کوئی دیکھے تو خلائے محض کے سوا کچھ نظر نہیں آتا ۔ لیکن حقیقت میں اس خلا کے اندر بے حد و حساب خطے ایسی مضبوط سرحدوں سے محفوظ کیے گئے ہیں جن کے مقابلے میں آہنی دیواروں کی کوئی حقیقت نہیں ہے ۔ اس کا کچھ اندازہ ان گو ناں گوں مشکلات سے کیا جا سکتا ہے جو زمین کے رہنے والے انسان کو اپنے قریب ترین ہمسائے ، چاند تک پہنچنے میں پیش آ رہی ہیں ۔ ایسی ہی مشکلات زمین کی دوسری مخلوق ، یعنی جنوں کے لیے بھی عالمِ بالا کی طرف صعود کرنے میں مانع ہیں ۔