اس رکوع کو چھاپیں

سورة الروم حاشیہ نمبر۴۴

”یک سو ہو کر اپنا رُخ اِس طرف جما دو“،یعنی پھر کسی اور طرف کا رُخ نہ کرو۔ زندگی کے لیے اِس راہ کو اختیار کر لینے کے بعد پھر کسی دوسرے راستے کی طرف التفات تک نہ ہونے پائے۔ پھر تمہاری فکر اور سوچ ہو تو مسلمان کی سی اور تمہاری پسند اور ناپسند ہو تو مسلمان کی سی۔ تمہاری قدریں اور تمہارے معیار ہوں تو وہ جو اسلام تمہیں  دیتا ہے ، تمہارے اخلاق اور تمہاری سیرت و کردار کا ٹھپّہ ہو تو اُس طرح کا جو اسلام چاہتا ہے ، اور تمہاری انفرادی و اجتماعی زندگی کے معاملات چلیں تو اُس طریقے پر جو اسلام نے تمہیں بتایا ہے۔