اس رکوع کو چھاپیں

سورة الروم حاشیہ نمبر۲٦

خبردار رہنا چاہیے کہ یہاں سے رکوع کے خاتمہ تک اللہ تعالیٰ کی جو نشانیاں بیان کی جارہی ہیں وہ ایک طرف تو اوپر کے سلسلۂ کلام کی مناسبت سے حیاتِ اُخروی کے امکان و وقوع پر دلالت کرتی ہیں ، اور دوسری طرف یہی نشانیاں اس بات پر بھی دلالت کرتی ہیں کہ یہ کائنات نہ بے خدا ہے اور  نہ اس کے بہت سے خدا ہیں، بلکہ صرف ایک خدا اس کا تنہا  خالق، مدبّر، مالک اور فرمانروا ہے جس کے سوا انسانوں کا کوئی معبود نہیں ہونا چاہیے۔ اس طرح  یہ رکوع اپنے مضمون کے لحاظ سے تقریر ما سبق  اور تقریر مابعد ، دونوں کے ساتھ مربوط ہے۔