اس رکوع کو چھاپیں

سورة العنکبوت حاشیہ نمبر۳۵

یعنی نہ تمہارا اپنا زور اتنا ہے کہ خد اکی پکڑ سے بچ جاؤ، اور نہ تمہارا کوئی ولی و سرپرست یا مددگار ایسا زورآور  ہے کہ خدا کے مقابلے میں تمہیں پناہ دے سکے اور اس کے مواخذے سے تمہیں بچا لے۔ ساری کائنات  میں کسی کی یہ مجال نہیں ہے کہ جن لوگوں نے کفر و شرک کی ارتکاب کیا ہے ،جنہوں نے احکام خداوندی کے آگے جھکنے سے انکار کیا ہے، جنہوں نے جرأت و جسارت کے ساتھ خدا کی نافرمانیاں کی ہیں اور ا س کی زمین میں ظلم و فساد کے طوفان اُٹھائے ہیں ان کا حمایتی بن کر اُٹھ سکے اور خدا کے فیصلۂ عذاب کو ان پر نافذ ہونے سے روک سکے، یا خدا کی عدالت میں یہ کہنے کی ہمت کر سکے کہ یہ میرے ہیں  اس لیے جو کچھ بھی انہوں نے کیا ہے اسے معاف کر دیا جائے۔