اس رکوع کو چھاپیں

سورة القصص حاشیہ نمبر۴۸

اللہ تعالیٰ کے ساتھ حضرت موسیٰؑ کی اس ملاقات اور گفتگو کا حال اس سے زیادہ تفصیل کے ساتھ سورہ طٰہٰ( آیت۹ تا ۴۸) میں بیان ہوا ہے۔ قرآن مجید کے اس بیان کا جو شخص بھی اُس داستان سے مقابلہ کر ے گا جو اس سلسلہ میں بائیبل کی کتاب خروج(باب۴،۳) میں بیان کی گئی ہے ، وہ اگر کچح ذوقِ سلیم رکھتا ہو تو  خود محسوس کر لے گا کہ ان دونوں میں سے کلامِ الہٰی کو نسا ہے اور انسانی داستان گوئی کا اطلاق کس پر ہوتا ہے ۔ نیز وہ اس معاملہ میں بھی بآسانی رائے قائم کر سکے گا کہ آیا قرآن کی یہ روایت معاذ اللہ بائیبل اور اسرائیلی روایات کی نقل ہے ، یا وہ خدا خود اصل واقعہ بیان فرمارہا ہے جس نے حضرت موسیٰؑ کو باریاب فرمایا تھا۔ (مزید تشریح کے لیے ملاحظہ ہو تفہیم القرآن، جلد سوم، طٰہٰ حاشیہ ۱۹)۔