اس رکوع کو چھاپیں

سورة النور حاشیہ نمبر۵۴

 ان آیات کی بہترین تفسیر وہ احادیث ہیں جو اس سلسلہ میں نبی صلی اللہ علیہ و سلم سے مروی ہیں۔ حضرت عبداللہ بن مسعود کی روایت ہے کہ حضور نے فرمایا : یا معشر الشباب ، من استطاع منکم الباء ۃ فلیتزوج فانہ احض للبصر وا حصن اللفرج و من لم یستطع فعلیہ بالصوم فانہ لہ وجاء، ’’ نوجوانو ، تم میں سے جو شخص شادی کر سکتا ہو اسے کر لینی چاہیے کیونکہ یہ نگاہ کو بد نظری سے بچانے اور آدمی کی عفت قائم رکھنے کا بڑا ذریعہ ہے۔ اور  جو استطاعت نہ رکھتا ہو وہ روزے رکھے ، کیونکہ روزے آدمی کی طبیعت کا جوش ٹھنڈا کر دیتے ہیں ‘‘۔ (بخاری و مسلم)۔ حضرت ابو ہریرہ روایت کرتے ہیں کہ حضور نے فرمایا : ثلٰثۃ حق علی اللہ عو نہم، الناکح یرید العفاف ، والمکاتب یرید الاداء، والغازی فی سبیل اللہ ، ’’ تین آدمی ہیں جن کی مدد اللہ کے ذمے ہے ، ایک وہ شخص جو پاک دامن رہنے کے لیے نکاح کرے ، دوسرے وہ مُکاتب جو مال کتابت ادا کرنے کی نیت رکھے ، تیسرے وہ شخص جو اللہ کی راہ میں جہاد کے لیے نکلے ‘‘ (ترمذی، نسائی، ابن ماجہ ، احمد۔ مزید تشریح کے لیے ملاحظہ ہو تفہیم القرآن جلد اول، النساء ، آیت 25)۔