اس رکوع کو چھاپیں

سورة الرعد حاشیہ نمبر١۵

نشانی سے اُن کی مراد ایسی نشانی تھی  جسے دیکھ کر اُن کو یقین آجائے کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم  اللہ کے رسول ہیں ۔ وہ آپؐ کی بات کو اس کی حقانیت  کے دلائل سے سمجھنے کے لیے تیار نہ تھے ۔ وہ آپؐ کی سیرت پاک سے سبق لینے کے لیے تیار نہ تھے۔ اُس زبردست اخلاقی انقلاب سے بھی کوئی نتیجہ اخذ کرنے کے لیے تیار نہ تھے جو آپؐ کی تعلیم کے اثر سے آپؐ کے صحابہ کی زندگیوں میں  رونما ہو رہا تھا۔ وہ اُن معقول دلائل پر بھی غور کرنے کے لیے تیار نہ تھے جو ان کے مشرکانہ مذہب اور ان کے اوہامِ جاہلیت کی غلطیاں واضح کرنے کے لیے قرآن میں پیش کیا جا رہے تھے۔ اِن سب چیزوں کو چھوڑ کر وہ چاہتے تھے کہ انہیں کوئی کرشمہ دکھایا جائے جس کے معیار پر وہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی رسات  کو جانچ سکیں۔